نلتر اور مالم جبہ میں سرمائی کھیلوں کا میلہ سج گیا


گلگت بلتستان کی پرفضا وادی نلتر اور سوات میں دلفریب سکی سلوپ سے مزین مالم جبہ میں سرمائی کھیلوں کا میلہ سج چکا ہے۔

ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان نے اس سال منعقد ہونے والے مختلف مقابلوں کے لیے ایک جامع کیلنڈر تیارکیا ہے۔

سرمائی کھیلوں کا آغاز پی اے ایف سکی ریزورٹ نلتر میں سعدیہ خان اور بچوں کے سکی کپ کے ساتھ ہو چکا ہے۔

اس کے علاوہ اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان کے جاری کردہ کیلنڈر کے مطابق ملک میں پہلی بار سنوبورڈنگ، آئس سکیٹنگ اورآئس ہاکی کے مقابلے بھی منعقد ہونگے.

ان کے ساتھ ساتھ شاہ خان سکی کپ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی چیمپئن شپ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

ملک کے مختلف تعلیمی اداروں میں سرمائی کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے اس سال طلباء اورطالبات کے لیے انٹر ویرسٹی چیمپئن شپ کو بھی ان مقابلوں میں شامل کیا گیا ہے۔

پی اے ایف نلتر کے علاوہ مالم جبہ سکی ریزورٹ میں قومی سکی چیمپئن شپ، مالم جبہ سکی کپ اور چیف آف دی ائیر اسٹاف انٹرنیشنل قراقرام الپائن سکی کپ کے مقابلے بھی ہونگے.

ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان نے نوتعمیر شدہ رٹو سکی ریزورٹ کو اس سا ل دو مقابلوں کی میزبانی کے لیے منتخب کیا ہے جہاں انٹر سروسز سکی کپ اور نیشنل کراس کنٹری سکی کپ کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔

دنیا بھرسے ممتاز بین الاقوامی سکئیرز، سکی کے مقابلوں کی مختلف کیٹیگریزمیں حصہ لینے کے لیے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ ان مقابلوں میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان کے بہترین سکئیرز بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

رواں سال ڈبلیو ایس ایف پی سنو پیکنگ(WSFP Snow-Making) مشین ٹو لفٹ(tow-lift) جیسی جدید مشینری کو ان علاقوں میں نصب کیا ہے جس کے حصول سے برفباری پر انحصار کم سے کم ہوگا اور سرمائی کھیلوں کے شائقین اب ان مقابلوں کے طویل سیزن سے لطف اندوز ہو نگے۔


معاونت
متعلقہ خبریں