مکی آرتھر کا کھلاڑیوں سے خراب رویہ، پی سی بی کی تردید

—فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جانب سے کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق اور اظہر علی کے ساتھ مبینہ طور پر غیر اخلاقی رویہ اختیار کیے جانے کی میڈیا رپورٹس کی تردید کردی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق مینیجر طلعت علی کی سربراہی میں کام کرنے والی ٹیم مینجمنٹ، سینچورین میں جنوبی افریقہ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جانب سے کھلاڑیوں کے ساتھ خراب رویے کے الزامات کی سختی سے تردید کرتی ہے۔

پی سی بی کے مطابق مکی آرتھر کے کھلاڑیوں کے ساتھ رویے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔

خیال رہے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین سنچورین ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں قومی ٹیم چائے کے وقفےتک خاصی اچھی پوزیشن پر موجود تھی۔پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 100 رنز اسکور کر لئے تھے جبکہ شاہینوں کو پروٹیز پر 58 رنز کی مجموعی برتری حاصل تھی۔

چائے کے وقفے کے بعد پہلے ہی اوور میں امام الحق آؤٹ ہو گئے اور اس کے بعد کوئی بھی بلے باز کریز پر کھڑا نہ رہ سکا اور یکے بعد دیگرے تمام بلے باز پویلین پہنچ گئے۔

توقع کی جا رہی تھی کہ قومی ٹیم کے سینئر بلے باز، اظہر علی، اسد شفیق اور کپتان سرفراز احمد مزاحمت دکھائیں گے اور لیڈ کو آگے بڑھائیں گے مگر تینوں کھلاڑی جنوبی افریقہ کے پیسرز کے آگے ریت کی دیوار کے ثابت ہوئے ۔

یہ پہلی بار نہیں تھا کہ پاکستانی ٹیم نے میچ میں مضبوط پوزیشن اختیار کرنے کے بعد گنوا دی ہو، اس سے قبل گزشتہ ماہ کیویز کے خلاف کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز پر نظر دوڑائیں تو معلوم ہو گا کہ پاکستان نے کس طرح جیتے ہوئے میچ مہمان ٹیم کو تحفتاً پیش کر دیئے۔

سنچورین ٹیسٹ میچ میں سینئز کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی کے بعد میڈیا میں یہ خبریں گردش کرنے لگ گئی کہ مکی آرتھر نے اظہر علی،اسد شفیق اور سرفراز احمد کو انگریزی میں نازیبا الفاظ کہے اور انہیں برا بھلا کہا۔


متعلقہ خبریں