نوید قمر کی فارورڈ بلاک بننے کی خبروں کی تردید



اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے ساری سندھ حکومت کے وزرا کے ناموں کو ای سی ایل میں ڈال دیا ہے جو کہ ایک غلط قدم ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، یہ لوگ ہمارا سیاسی کردار خراب کرنا چاہتے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا پیپلز پارٹی کمزور نہیں ہے اور نہ ہی سندھ حکومت میں کوئی فارورڈ بلاک بن رہا اگر کوئی فارورڈ بلاک بنا تو وفاق میں بنے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پر بہت سے کیسز چل رہے ہیں وہ کیوں استعفیٰ نہیں دیتے لگتا ہے ان کے خلاف کیسز میں سستی جان بوجھ کر کی جاتی ہے جبکہ ہمارے خلاف کیسز تیزی سے چلائے جاتے ہیں، پیپلز پارٹی کے خلاف ہمیشہ کیسز بنائے جاتے ہیں، یہ ہمارے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص کارکردگی پر تمام اپوزیشن متحد ہے۔ ہم نہیں کہتے کہ ن لیگ والے زرداری صاحب کا دفاع کریں مگر غلط کو غلط ضرور کہیں۔ اس وقت ملک میں تقسیم کرنے کی پالیسی چل رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کو اپنے اعمال بھی دیکھنے ہوں گے، خرم دستگیر

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ اس بار الیکشن چوری کیا گیا اور سیلکٹڈ حکومت کو لایا گیا جنہوں نے عوام کو مہنگائی اور توانائی کی کمی کے گھڑے میں دھکیل دیا ہے۔ہم عدلیہ کے فیصلوں پر تنقید نہیں کریں گے بلکہ ان کا سامنا کریں گے، حکومت کی بدانتظامی کے باعث عوام چیخ اٹھی ہیں، اگلے سال مسلم لیگ ن کا بیانیہ کھل کر سامنے آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹ الیکشن اور بلوچستان حکومت بنانے میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیا اور انہیں تقویت پہنچائی،انہوں نے بہانہ بنا کر شہباز شریف کووزیر اعظم کے الیکشن میں ووٹ نہیں دیا۔پیپلز پارٹی کو اپنے اعمال بھی دیکھنے ہوں گے۔دونوں پارٹیز میں اعتماد کا فقدان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو ون پارٹی سسٹم کی جانب لے کر جایا جا رہا ہے،اور نیب کو اس کام کے لئے استعمال کر کے اپوزیشن کے رہنماوں کے خلاف کیسز بنائے جا رہے ہیں۔ہم ون پارٹی رول کے خلاف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم 18 ویں ترمیم میں ردوبدل کرنے کی حکومتی کوشش کی سخت مخالفت کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی اکثر لوگوں پر کرپشن کے الزامات ہیں،انہیں استعفی دے دینا چاہیے۔پیپلز پارٹی کے بہت سے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ سندھ عوام کے ساتھ زرداری خاندان نے ظلم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں بہت سے اچھے لوگ شامل ہیں انہیں فیصلہ کرنا ہے کہ انہوں نے کس کا ساتھ دینا ہے،پیپلز پارٹی کی حکومت ہوتے ہوئے صاف تحقیق نہیں ہو سکتی۔

مسلم لیگ ن کسی بڑے معجزے کی منتظر ہے، سہیل وڑائچ

سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا ہے کہ جب اپوزیشن جیلوں میں چلی جائے گی تو حکومت کو کارکردگی دکھانی ہو گی ان کے پاس کوئی بہانہ نہیں بچے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کا مینڈٹ تقسیم ہونے کا خطرہ ہے، جب بھی اپ مصنوعی طریقے سے تبدیلی لائیں گے تو اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ملک کمزور ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی وزیر اعلیٰ کا نام ای سی ایل میں ڈالنا اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ یہ نہ ہو کل کو وزیراعظم کراچی جائیں تو انہیں وہاں اترنے نہ دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اس وقت احتجاج کی پوزیشن میں نہیں ہے، یہ لوگ اپنے کیسز کے دفاع میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا بیانیہ کمزور ہے۔ مسلم لیگ ن کسی بڑے معجزے کے انتظار میں ہے، وہ کسی غائبی مدد کے منتظر ہیں۔


متعلقہ خبریں