محکمہ ڈاک نے ’ٹریک اینڈ ٹریس‘ ایپ متعارف کرادی


اسلام آباد:  وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید  نے ” ٹریک اینڈ ٹریس ایپ” کا افتتاح  کردیا ہے۔

ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے محکمہ ڈاک کی سہولیات موبائل فون میں بھی میسر ہوں گی۔  پوسٹل صارفین کے لیے نئی ایپلی کیشن آج سے ملک بھر دستیاب ہوگی۔

پارسل کی بکنگ کے لیے محکمہ ڈاک بھی اب ایپ استعمال کرے گا۔ ایپلی کیشن صارفین کو پارسل بھیجنے اور ڈسپیچ ہونےسے منزل تک پہنچنے سے متعلق تمام معلومات فراہم کرے گی۔

محکمہ ڈاک کے مطابق اگربھیجا گیا پارسل بروقت منزل پر نہ پہنچ سکا توایپ وجوہات کے ساتھ رہنمائی بھی فراہم کرے گی۔

ہر پارسل کی تفصیل صارف کے ساتھ وفاقی وزیرخود دیکھ سکیں گے۔ مراد سعید کا کہنا ہے کہ ٹریک اینڈ ٹریس ایپ کا مقصد سہولت کے ساتھ ساتھ پوسٹل صارفین کے اعتماد کو بڑھانا ہے۔

گزشتہ ماہ بھی پاکستان پوسٹ نے تیز ترین نئی پوسٹل سروس متعارف کرائی تھیں جس کے ذریعے دوپہر ایک بجے تک پارسل بک کرانے پر ڈیلیوری اسی دن شب 12 بجے تک ممکن بنائی جائے گی۔

پاکستان پوسٹ اس سے قبل الیکٹرونک منی آرڈر سروس متعارف کراچکا ہے۔ اس سروس کے تحت خواتین اور بزرگ شہریوں کو50 ہزار روپے تک کا منی آرڈر گھر پرہی مل سکتا ہے۔

’ون ڈے ڈلیوری سسٹم‘ ابتدائی طور پر ملک کے 25 شہروں میں متعارف کرایا جائے گا جب کہ ’الیکٹرونک منی آرڈر سسٹم‘ کی رسائی شروع ہی میں 80 شہروں تک ہوگی۔ ذرائع کے مطابق دونوں اسکیموں کا دائرہ کار بہت جلد ملک کے دیگر شہروں تک پھیلا دیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں