پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصول شکایات کے اعداد و شمار جاری

سٹیزن پورٹل: وزیراعظم نے ’جھوٹی رپورٹس‘ پر نوٹس لے لیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: حکومت اور عوام میں براہ راست رابطے اور وفاقی و صوبائی محکموں سے متعلقہ عوام کی شکایات کے ازالے کی غرض سے وزیرِ اعظم آفس میں قائم کیے گئے پاکستان سٹیزن پورٹل کے اب تک کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر شکایات کے ازالے کے لیے قائم پورٹل کے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔

پاکستان سٹیزن پورٹل پر ریجسٹریشن اور اپنی شکایات و تجاویز حکومت تک پہنچانے کے سلسلے میں عوام نے حوصلہ افزا ردعمل دیا۔

اعداد وشمار کے مطابق دو ماہ کے قلیل عرصے میں اب تک پورٹل پر رجسٹرڈ ہونے والوں کی تعداد چھ لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

اب تک موصول شدہ شکایات کی تعداد 229667 ہے جس میں 90 فیصد اندرون ملک شہریوں 9.66 فیصد اوورسیز جبکہ 0.45 فیصد غیر ملکیوں کی جانب سے موصول ہوئیں۔

پنجاب سے 105,794، خیبر پختونخواہ سے 26,790، سندھ سے 31,698، بلوچستان سے 2524، وفاقی دارالحکومت سے 61,644، گلگت بلتستان سے 184اور آزاد کشمیر سے 1172 شکایات موصول ہوئیں۔

پنجاب سے موصول شدہ شکایات میں سے 40,411 کا ازالہ کیا جا چکا ہے ، خیبر پختونخواہ سے 12771، سندھ سے2063، بلوچستان سے 316جبکہ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کی 35950شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے، بقیہ شکایات کے ازالے پر کام جاری ہے۔

پاکستان سٹیزن پورٹل پر اب تک کل 47579 تجاویز موصول ہوئی ہیں۔

اب تک موصول ہونے والے عوامی فیڈ بیک کے مطابق 24076 افراد نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر نہایت اطمینان کا اظہار کیا ہے جو کہ انتہائی حوصلہ افزا ہے۔

گورننس کی بہتری اور عوام اور حکومت کے درمیان مستقل رابطہ کے قیام کے سلسلے میں پاکستان سیٹزن پورٹل اہم ذریعہ ہے۔

وزیرِ اعظم کی ہدایت پر پاکستان سیٹزن پورٹل کے اعداد وشمار ہفتہ وار جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

پاکستان سٹیزن پورٹل کیا ہے؟

وزیر اعظم عمران خان نے اکتوبر میں حکومت اور عوام میں براہ راست رابطے اور وفاقی و صوبائی محکموں سے متعلقہ عوام کی شکایات کے ازالے کی غرض سے قائم کیے پورٹل کا افتتاح کیا تھا۔

اس پورٹل کی بدولت پاکستانی عوام براہ راست اپنی شکایات و تجاویز وزیر اعظم آفس کو بھجواسکیں گے۔

متعلقہ محکموں سے عوامی شکایات کا ازالہ کرانے اور قابل عمل تجاویز پر غور کے عمل کی نگرانی وزیراعظم آفس سے کی جائے گی۔

پاکستان سیٹیزن پورٹل کی بدولت لوگ اپنے موبائل فونز میں مخصوص اپلیکیشن کے ذریعے حکومتیاداروں تک اپنی آواز پہنچا سکیں گے۔

پاکستان سیٹیزن پورٹل کے قیام کے لیے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں