پاکستان کو لوٹنے والے اب سیاست میں نظر نہیں آئیں گے، فیاض الحسن



بہاولپور: پنجاب کے وزیر اطلاعات و نشریات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان کو لوٹنے والے اب سیاست میں نظر نہیں آئیں گے جب کہ آصف علی زرداری کا سیاست میں کوئی مستقبل نہیں ہے۔

صوبائی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی نے آپس میں مک مکا کیا ہوا تھا جب کہ وزیر اعظم عمران خان کسی کو ڈیل دیں گے اور نہ ہی ڈھیل۔

انہوں نے پنجاب کے ڈاکٹرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ڈاکٹروں کی تنخواہیں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جنوبی پنجاب میڈیکل کالجز سمیت ڈی جی خان اور سیالکوٹ کے پروفیسرز کو بھی مستقل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار پنجاب میں واٹر کونسل قائم کی جا رہی ہے اور اسمال ڈیمز کا معاملہ واٹر کونسل دیکھے گی۔ واٹر پالیسی کا مقصد عوام کے لیے صاف پانی کی دستیابی ہے اور اب ہم پانی کے معیار کو بہتر بنائیں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں لیبر پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ منصب کے لحاظ سے ہی پنجاب میں گاڑیاں دی جائیں گی۔


متعلقہ خبریں