ن لیگ میں فارورڈ بلاک بننے جا رہا ہے، شیخ رشید


لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ، آصف زرداری کے ملازم ہیں، ان کو چاہیے کہ وہ استعفیٰ دے دیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ کچھ نہیں ہونے جا رہا، چیخیں نہ ماریں مقابلہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ تک میری رسائی نہیں لیکن ن لیگ میں فارورڈ بلاک بننے جا رہا ہے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ چوروں نے بے دردی سے ملک کو لوٹا ہے، ابھی تو ایل این جی کیس بھی باقی ہے۔ شاہد خاقان عباسی کسی بھی چینل پر مناظرہ کرنے آجائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بغیر ٹکٹ کی مہم شروع کی تو اب تک چھ ہزار سات سو بارہ لوگوں کو پکڑا ہے اور سات کروڑ روپے وصول کیے، اب پندرہ جنوری تک بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے اور ڈی ایس ایس ہوشیار ہو جائیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ٹکٹ کلکٹر مسافروں کے ساتھ تہذیب سے بات نہ کریں  تو براہ راست مجھے شکایت کریں میں اس کے خلاف کارروائی کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے سال میں 20 ٹرینیں چلائیں گے، رحمان بابا کے ساتھ تمام ٹرینوں میں اکانومی کلاسز میں خواتین کےلئے ڈبہ مختص کریں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سکھر نے زیادہ انکم دی اس لیے انہیں دس دن کی تنخواہ بطور انعام دی۔ انہوں نے کہا کہ کے پی اور پنجاب میں نہیں سندھ میں مسئلہ ہے تمام آئل شیڈز میں ڈیزل کے آئل ڈپو بنائیں گے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے کو کالی بھیٹروں سے پاک کر دیں گے، کسی کو کوئی رعایت نہیں دیں گے۔ رائل پام کی اربوں روپے کی زمین ملی ہے ہماری پراپرٹیوں کا کوئی والی وارث نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ دو وی وی آئی پی ٹرینیں چلائیں گے جس میں لگژری کھانا اور آرام دہ بیڈز بھی ہوں گے۔ ریلوے میں پندرہ جنوری تک کوئی سیٹ نہیں ہے ایک ٹرین فریٹ چلا دی ہے، دوسری 20 جنوری کو چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قوم نئی ٹرینوں کےلئے یکم مارچ تک نام بھیجیں جن کے نام منظور ہو گئے انکو پچیس ہزار روپے انعام دیں گے۔


متعلقہ خبریں