نیویارک کی سڑک بانی پاکستان کے نام سے منسوب ہوگئی


نیویارک: بروکلین ینویارک میں کونی آئی لینڈ ایونیو کی ایک سڑک کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے نام سے منسوب کردیا گیا ہے۔ سڑک کانام ’محمد علی جناح وے‘ رکھا گیا ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق کونی آئی لینڈ ایونیو، بروکلین، نیویارک کی سڑک کو بانی پاکستان سے منسوب کرنے کی قرارداد نیویارک کونسل میں منظور ہوئی۔

خبررساں ادارے کے مطابق یہ قرارداد نیویارک کونسل بروکلین کے رکن جمانے ولیمز نے پیش کی تھی جسے بھاری اکثریت سے منظور کرلیا گیا۔

جمانے ولیمز نے اس موقع پر کہا کہ کونسل کے فیصلے سے خوش ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستانی امریکن کمیو نٹی کے ساتھ ہی پاکستانیوں کے لیے ایک تحفہ ہے۔

کونی آئی لینڈ ایونیو کی سڑک کو بانی پاکستان کے نام سے منسوب کیے جانے کا اعلان پاکستان امریکن یوتھ آرگنائزیشن کے صدر واکل احمد نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

واکل احمد نے اس موقع پر کونی آئی لینڈ کو ’لٹل پاکستان‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تنظیم کے اراکین نے کونی آئی لینڈ کی سرکاری طور پر پہچان کرانے کے لئے طویل عرصے تک کام کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بے حد خوش ہیں کہ ان کی ٹیم کی محنت ربگ لائی ہے۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب ہونے والی سڑک ’محمد علی جناح وے‘ کا باقاعدہ افتتاح آئندہ ماہ کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں