20 جنوری کو سپر بلڈ مون ہوگا


اشنگٹن: آئندہ سال جنوری کے تیسرے ہفتے میں ہونے والے ’چاند گرہن ‘ کو ماہرین فلکیات نے ’سپر بلڈ مون‘ کا نام دیا ہے۔ 2019 کا یہ سپر بلڈ مون پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش میں دکھائی نہیں دے گا۔

امریکہ اوراس کے ملحقہ علاقوں میں 20 جنوری کے دن چاند گرہن پیسفک وقت کے مطابق سوا سات بجے شروع ہوگا اور دس بج کر 45 منٹ پر ختم ہوگا۔ ماہرین کے مطابق اس دوران چاند سرخ و نارنجی مائل سیاہ دکھائی دے گا۔

فلکیاتی امورکے ماہرین کہتے ہیں کہ 20 جنوری کو چاند زنگ آلود اور سرخ مٹی کی رنگت والا دکھائی دے گا۔

اجرام فلکی کے امور پہ دسترس رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ مغربی یورپ اور افریقہ کے لوگ اس کے ابتدائی مراحل کچھ دیر کے لیے دیکھ سکیں گے لیکن ایشیا اور آسٹریلیا میں رہنے والے لوگ اس منظر سے محروم رہیں گے۔

ماہرین نے ایشیائی اور آسٹریلوی افراد سے کہا ہے کہ بلاشبہ وہ 20 جنوری کو ہونے والے سپر بلڈ مون کو تو نہیں دیکھ سکیں گے لیکن انہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ نئے سال کے اختتام پر جو مکمل چاند گرہن ہوگا اس کا نظارہ وہ بخوبی کرسکیں گے۔

نئے سال کے اختتام پر ہونے والے مکمل چاند گرہن کے متعلق ماہرین کا مؤقف ہے کہ اس دوران چاند زمین سے قریب ترین فاصلے پر ہوگا۔ اسی مناسبت سے ماہرینِ اسے ایک تاریخی ’لمحہ‘ قرار دے رہے ہیں۔

سپر بلڈ مون کی اصطلاح سائنسی نہیں ہے اور یہ الفاظ مکمل چاند کے سرخی مائل گرہن کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ اس عمل کو کئی افراد ’برا شگون‘ بھی قرار دیتے ہیں لیکن حقائق سے اس کا دور دور تک کوئی واسطہ نہیں ہے اور نہ اس کی کوئی ٹھوس شہادت موجود ہے۔

2019 کے دوران دو مرتبہ چاند گرہن اورتین بار سورج گرہن ہوگا۔ سعودی ماہر فلکیات ملھم بن محمد الہندی نے بتایا تھا کہ فلکیاتی حساب کے حوالے سے آئندہ سال دو مرتبہ چاند گرہن ہوگا، ایک مرتبہ مکمل اور دوسری مرتبہ جزوی طور پر چاند گرہن ہوگا۔

ملھم بن محمد الہندی کے مطابق 2019 میں سورج گرہن تین بار ہوگا۔ ایک بار جزوی طور پر، ایک بار مکمل اورآخری مرتبہ حلقے کی شکل میں دیکھا جاسکے گا۔

سعودی عرب کے ماہر فلکیات کے مطابق پہلا سورج گرہن جو جزوی ہوگا وہ چھ جنوری 2019 کو ہوگا لیکن کسی بھی عرب ملک میں اسے دیکھا نہیں جاسکے گا۔

ماہر فلکیات کے مطابق جزوی سورج گرہن کو مشرقی روس ، جاپان ، جنوبی و شمالی کوریا اور مشرقی چین کے بعض علاقوں میں دیکھنا ممکن ہوگا۔

زمین کا وہ سایہ جو گردش کے دوران کرہ زمین کے چاند اور سورج کے درمیان آ جانے سے چاند کی سطح پر پڑتا ہے اور چاند تاریک نظر آنے لگتا ہے اُسے چاند گرہن کہتے ہیں۔

چاند جب گردش کے دوران سورج اور زمین کے درمیان میں آجاتا ہے تو اس کے بعد زمین سے سورج کا کچھ یا پھر پورا حصہ نظر نہیں آتا ہے، اسے سورج گرہن کہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں