ملک بھر میں خشک سردی کی لہر برقرار

فائل فوٹو


اسلام آباد: پنجاب کے میدانی علاقوں، بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن میں دھند پڑنے کا سلسلہ جاری ہے اور ملک کے بیشتر علاقوں میں خشک سردی کی لہر برقرار ہے تاہم آئندہ ہفتہ بارش کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں اتوار کی صبح کُہر نہ پڑنے کے سبب سردی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد میں مطلع صاف رہنے کے باوجود درجہ حرارت  8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں دھند پڑنے سے حد نگاہ کم ہو کر رہ گئی ہے۔ لاہور میں بھی مختلف مقامات پرہلکی دھند کے ڈیرے ہیں اور شہر کا درجہ حرارت کم سے کم  تین ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی سندھ میں بھی چند مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

فوٹو: ہم نیوز

کراچی میں بھی صبح کے وقت میں کچھ مقامات پر ہلکی دھند چھائی ہوئی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ہے۔ کراچی میں اگلے چوبیس گھنٹوں میں موسم خشک رہے گا۔

بلوچستان کے تمام اضلاع میں خشک سردی پڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کے روز کوئٹہ میں سب سے زیادہ سردی پڑنے کا اندیشہ ہے جہاں کا درجہ حرارت منفی پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک نیچے آسکتا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی سکر دو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

استور منفی10، گوپس منفی 09، گلگت منفی 7، کوئٹہ منفی 3، ہنزہ ، بگروٹ منفی 06، راولاکوٹ، دیر منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے جی منگل اور بدھ کے دوران کوئٹہ، ژوب، کوہاٹ، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ پشاور، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، راولپنڈی ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں