امریکی اخبارات کی ترسیل پر سائبر حملہ

سائبر سیکیورٹی

فوٹو: فائل


واشنگٹن: امریکی اخبارات پر سائبر حملے کے باعث اخبارات کی ترسیل تاخیر کا شکار ہو گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق لاس اینجلس ٹائمز، ٹریبیون پبلشنگ ، بالٹی مور سن سمیت دیگر امریکی اخبارات کے شعبہ ترسیلات پر سائبر حملے کے باعث اخبارات کی ترسیل تاخیر کا شکار ہو گئی۔

اخبارات پر سائبر حملے کا آغاز جمعہ کو ہوا تھا، ٹریبیون پبلشنگ کے اخبارات نیویارک ڈیلی نیوز اور آرلینڈو سینٹینل بھی سائبر حملے سے متاثر ہوئے۔

امریکی اخبار کے مطابق وال اسٹریٹ جنرل کے ویسٹ کوسٹ ایڈیشنز اور نیو یارک ٹائمز پر سائبر حملہ عین اس وقت ہوا جب وہ ترسیل کے مراحل میں تھا اور مشترکہ پلیٹ فارم سے شائع کیا جا رہا تھا۔

ٹریبیون پبلشنگ ترجمان کے مطابق وائرس نے دفاتر کے سسٹم پر حملہ کیا اور لکھا کہ ’’ اخبارات ہماری ملکیت ہیں ‘‘۔

دی وال اسٹریٹ جرنل اور نیو یارک ٹائمز نے فوری طور پر کوئی رد عمل نہیں دیا ہے جب کہ سان ڈیاگو یونین اور ٹریبیون کے صارفین ہفتے کو اخبارات حاصل نہیں کر سکے کیونکہ وائرس نے کمپنی کے سسٹم کو بری طرح سے متاثر کر دیا تھا۔

ملک کے داخلی سیکیورٹی کے ادارے ہوم لینڈ سیکیورٹی کے ترجمان کے مطابق پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں