پی ٹی آئی نے سندھ میں حکومت سے دو دو ہاتھ کرنے کی ٹھان لی


کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سندھ سے سیاسی میدان میں دو دو ہاتھ کرنے کی ٹھان لی ہے جس کے بعد وفاق اور پنجاب کی حکمران جماعت نے ایم کیو ایم اور جی ڈی اے سمیت دیگر سیاسی اتحادیوں سے رابطے تیز کردیے ہیں۔ خان پور مہر میں گوہر پیلس سیاسی مشاورت کا ’گڑھ‘ بن گیا ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کی اس ضمن میں اب تک علی گوہر مہر سے دو ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کی بھی ان سے ملاقات ہوئی ہے۔ رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ بھی جی ڈی اے رہنما کی سیاسی بصیرت کے معترف ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی ٹیلی فونک گفتگو میں گوہر پیلس آمد کا عندیہ دے دیا ہے۔

سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی سیاسی مخالفین کا سیاسی میدان میں مقابلہ کرنے کے لیے ’مشاورتی بساط ‘بچھا لی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس ضمن میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات کرکے سیاسی مشاورت کی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے علی گوہر مہر سے گوہر پیلس خان پور میں ’غیر معمولی‘ طور پر دو ملاقاتیں نہایت مختصر وقفے کے دوران کی ہیں۔ اسی دوران جی ڈی اے کے رہنما کی وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک بات چیت ہوئی جس میں انہوں نے گوہر پیلس آمد کا واضح عندیہ دیا۔

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ علی گوہر مہر کے ساتھ مل کر آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ علی گوہر مہر اور وزیر اعظم کی بات چیت ہوئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کچھ دنوں میں صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی بھی گوہر پیلس آئیں گے۔ پی ٹی آئی رہنما نے پیر صاحب پگارا سے ملاقات کا بھی عندیہ دیا۔

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ پی پی پی میں فارورڈ بلاک یقینی ہے جس میں 20 سے 26 ارکان جاسکتے ہیں۔

سندھ اسمبلی کے رکن حلیم عادل شیخ کا بھی کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے مایوس اراکین سندھ اسمبلی بھی پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سندھ کے عوام جلد خوشخبری سنیں گے۔ انہوں نے بھی پی پی پی میں فارورڈ بلاک بننے کی ’نوید‘ سنائی۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیربرائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ صدر مملکت کو بھی اہم چیزوں سے آگاہ کردیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آج صدرمملکت کے گھر بھی اہم میٹنگ ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے فیصل واوڈا کا گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بھی ٹیلی فونک بات چیت ہوئی ہے جس کے متعلق ان کا کہنا ہے گورنر سندھ کو صوبے کی سیاست کے اہم امور سے آگاہ کردیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ گورنر سندھ کو کہا ہے کہ اپنی دوسری مصروفیات کم کریں کیونکہ ان پردوسری ذمہ داریاں آسکتی ہیں۔

فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ سندھ کا آئندہ وزیراعلیٰ بھی شاہ ہی ہوگا۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی اسلام آباد روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر گورنرسندھ عمران اسماعیل سے مختصر اہم ملاقات بھی ہوئی جس میں انہوں نے اپنے تمام سیاسی رابطوں سے انہیں آگاہ کیا اوراعتماد میں بھی لیا۔

ہم نیوز کے مطابق گوہر پیلس خان گڑھ میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ اب اخلاقی جواز بنتا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مستعفی ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں فارورڈ بلاک بننے جا رہا ہے جس میں پیپلزپارٹی کے نظر اندازکیے گئے اچھے خاندانی  باضمیر لوگ شامل ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے دعویٰ کیا کہ فارورڈ بلاک کے اراکین کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے واضح نہیں کیا کہ اب تک فارورڈ بلاک میں کتنے افراد شامل ہوچکے ہیں۔

علی گوہر مہرکی تعریف کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی نے کہا کہ وہ پیپلزپارٹی اور فیڈریشن میں پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ جی ڈی اے اور ایم کیوایم ان کے سیاسی اتحادی ہیں .

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ علی گوھر مہرکوپیپلزپارٹی کے فارورڈ بلاک کو مضبوط بنانے کے لیے سربراہ کے طور پرچنا گیا ہے اس لیے کہ ان کے پی پی پی  کے اراکینن سندھ اسمبلی سے اچھے اور مضبوط روابط ہیں۔

ذمہ دارذرائع کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل نے سیاسی، سماجی، مذھبی اور تاجررہنماؤں سے اہم ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ گھوٹکی، کراچی کے بعد  دوسرے نمبر پر روینیو دینے والا ضلع ہے تو اسے کراچی جیسا ہونا چاہیے تھا۔

ہم نیوز کے مطابق جی ڈی اے رہنماعلی گوہر مہرنے بھی پی ٹی آئی قیادت سے بات چیت چلنے اور سندھ کی سیاست میں تبدیلی لانے کے عمل کی تصدیق کی اور کہا کہ بات چیت سے امید ہے بہتری آئی گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے متعلق بھی اطلاعات ہیں کہ وہ اہم مشن پر کل کراچی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ سیاسی اتحادیوں اور ہم خیال افراد سے ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع نے اس ضمن میں دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری تبدیلی کےلئے درکار ’گنتی‘ کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق ساری صورتحال میں یہ تجسس تاحال اب تک برقرار ہے کہ پی ٹی آئی نے سندھ میں تبدیلی کے لیے کس کس سے رابطہ کیا ہے؟ اور کون کون اس سے رابطے میں ہے؟

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھـٹو زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق جس وقت یہ ملاقات ہورہی تھی اس وقت پی پی پی کے کارکنان پارٹی قیادت کے حق میں بلاول ہاؤس کے گیٹ پر نعرے بازی کررہے تھے۔

جی دی اے کے رہنما ایاز لطیف پلیجو کی جانب سے بھی یہ اطلاع دی گئی ہے کہ سندھ کی موجودہ صورتحال پر مشاورت کے لیے پیر صاحب پگارا کی زیرصدارت جی ڈی اے کا اجلاس منعقد ہوگا۔


متعلقہ خبریں