مشن سندھ: وزیراعظم کی ہدایت پر فواد چوہدری کا دورہ ملتوی

مشن سندھ سے پہلے وزیراعظم اور فواد چوہدری کی اہم ملاقات | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی وزیراطلات و نشریات فواد چوہدری نے سندھ  کا ایک روزہ دورہ  ملتوی کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری نے وزیر اعظم کی ہدایات پر دورہ منسوخ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ دورہ سندھ سے قبل وزیراعظم اور فواد چوہدری کی ملاقات میں سیاسی درجہ حرارت کم کرنے پر غور کیا گیا اور  وفاقی حکومت وزیراعلیٰ سندھ اوربلاول بھٹوکانام ای سی ایل سے نکالنے پر بھی غور کررہی ہے۔

دورہ کراچی کے دوران وفاقی وزیر نے سندھ میں اتحادی جماعتوں اور پیپلز پارٹی مخالف قوتوں سے ملاقاتیں کرنا تھیں۔ وزیراطلاعات نے قبل ازیں وزیراعظم سے ملاقات کی تھی جس میں اہم معاملات زیرغور آئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر بھی شریک تھے اور وزیراطلاعات نے دورہ کے آغاز سے قبل وزیراعظم سے گائیڈ لائن حاصل کی تھیں۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سندھ میں حکومتی اتحادیوں سے رابطوں  کے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی اور بتایا کہ پیر پگاڑا، لیاقت جتوئی، ایم کیو ایم بہادر آباد اور ذوالفقارمرزا سے ملاقاتیں طے پاگئی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے سندھ میں گیس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہم سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

وفاقی وزرا اسد عمر، خسرو بختیار، غلام سرور کو ہدایت کی گئی ہے کہ سندھ میں جاری گیس کےمسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات آج سندھ کے ایک روزہ دورے پر روانہ ہوں گے اور اتحادیوں کے ساتھ مشاورت سے صوبہ کے معاملات کا جائزہ لیں گے۔

ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ فواد چوہدری پیپلز پارٹی مخالف قوتوں سے ملاقاتیں کریں گے اور ممتاز بھٹو کو رابطہ کاری کی زمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ فواد چوہدری مشن سندھ  کے دوران سندھ سرکار کی تبدیلی پر مشاورت کی جائے گی۔ وزیراطلاعات علی رضا عابدی کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کریں گے۔

خیال رہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد سندھ سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام بھی ان 172 میں شامل ہے جن کی فہرست سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔

وفاق میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف اس بات پر زور دے رہی ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔ مزید براں پی ٹی آئی سندھ نے چند روز قبل ہی میڈیا میں کہا تھا کہ ہم صوبائی حکومت گرانے کی پوزیشن میں ہیں اور بہت سارے صوبائی وزرا ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔

دوسری جانب سندھ میں حکمراں جماعت پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی صوبے بھر میں سیاسی اجتماعات اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں