جمال خاشقجی قتل: ٹائم اسکوائر میں سال نو کی تقریب صحافیوں کے نام

پاکستان سمیت دنیا بھر میں سال 2019 کے استقبال کی تیاریاں عروج پر

فوٹو: فائل


2018 کو رخصت کرنے اور سال نو کو خوش آمدید کہنے کے لیے امریکی ریاست نیویارک کے ٹائم اسکوائر میں بڑی تقریب منقعد کی جائے گی جس کے مہمان خصوصی رپورٹرز اور صحافت سے تعلق رکھنے والے افراد ہوں گے۔

ٹائم اسکوائر میں منقعد کی جانے والی تقریب کو صحافت کی آزادی کے نام کیا گیا ہے، ٹائم اسکوائر الائنس کے صدر کے مطابق سال 2018 میں رونما ہونے والے دو بڑے واقعات کے بعد سال نو کی تقریب کو صحافیوں کے نام کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

رواں سال اکتوبر میں واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار جمال خاشقجی کو ترکی میں سعودی قونصلیٹ میں قتل کر دیا گیا تھا، دوسرا واقعہ ریاست میری لینڈ میں پیش آیا جہاں ریاستی دارالحکومت ایناپولس میں ایک اخبار کے دفتر پر فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

صحافیوں کے تحفظ کے لیے قائم کمیٹی کے سربراہ جول سائمن کا کہنا ہے کہ ٹائم اسکوائر الائنس نے سال نو کی تقریبات کو صحافیوں کے نام کرنے کے لیے ان سے رابطہ کیا تھا۔

ٹائم اسکوائر نیویارک کامصروف ترین کاروباری اور تفریحی مقام  ہے، یہ جگہ سیاحوں کا گڑھ کہلاتی ہے جہاں ہر سال تقریباً 50 لاکھ سیاح آتے ہیں

سال 2018 رخصت ہونے کو تیار

سال 2018 کچھ یادگار اور کچھ تلخ واقعات اپنے دامن میں سمیٹے چند گھنٹوں کا مہمان ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں سال 2018 کو رخصت کرنے کی تیاریاں بھی تقریباً مکمل ہو چکی ہیں۔

دنیا بھر کے ممالک سال 2019 کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیارہیں۔ نئے سال کی شروعات آتش بازی کے مسحور کن مظاہروں سے کی جاتی ہے جسے دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد جمع ہوتے ہیں۔

دبئی کی معروف بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر بھی سال نو کا استقبال  آتش بازی اور برقی روشنیوں سے کیا جائے گا۔

 


متعلقہ خبریں