تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ سندھ کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا



کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جے آئی ٹی ی رپورٹ سندھ اسمبلی میں پیش کرنے کی تحریک التوا جمع کرا دی۔ خرم شیر زمان نے وزیر اعلیٰ سندھ کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے تحریک التوا جمع کرائی۔ جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں اور جے آئی ٹی کی حتمی رپورٹ میں کئی مجرمانہ سرگرمیوں کے شواہد دیے گئے ہیں کہ وزیر اعلیٰ سندھ کا کردار مجرمانہ سرگرمیوں میں معاون کا ہے۔

تحریک میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مخصوص کاروباری گروپ کو فائدہ پہچانے کے لئے مددگار کا کردار ادا کیا اور سندھ کے عوام کے مفاد کے بجائے اومنی گروپ کو فائدہ دیا گیا۔

تحریک التوا جمع کرانے کے بعد خرم شیر زمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف جو باتیں گزشتہ پانچ سال سے کر رہی تھی وہ درست ثابت ہوگئی ہیں اور اگر ہماری تحریک التوا کو مسترد کیا گیا تو ہم شدید احتجاج کریں گے اور ایوان کو چلنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نہ صرف اومنی گروپ کے سہولت کار نکلے بلکہ انہوں نے تو مندر کی زمین بھی اپنے پیاروں کو دے دی۔ یہ صوبہ وزیر اعلیٰ کو امانت کے طور پر دیا گیا تھا۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں دو گروپ ہیں، ایک پیپلزپارٹی حقیقی اور دوسرا پیپلزپارٹی زرداری۔ اگر زرداری گروپ سے کسی کو وزیر اعلیٰ بنایا گیا تو قبول نہیں کریں گے تاہم ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں کہ پیپلزپارٹی کس کو اپنا وزیراعلیٰ بناتی ہے۔


متعلقہ خبریں