“آصف زرداری اشارہ دیں، ہم حکومت کو ایک ہفتے میں گرا سکتے ہیں”



کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ جعلی اور جھوٹی ہے،  آصف زرداری ایک اشارہ دیں، ہم حکومت کو ایک ہفتے میں گرا سکتے ہیں اور ان کو جیل میں بھی بھیج سکتے ہیں۔

علی رضا عابدی کے گھر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت اور جے آئی ٹی کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہوتا جا رہا ہے لیکن ہم سازش کو بے نقاب کریں گے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ پر قانون کے مطابق ماتحت عدالت میں اپنا کیس لڑیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہماری توجہ دہشت گردی جیسے مسائل پر ہونی چاہیے، کراچی کو اس وقت مثبت سیاستدانوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو چاہتے ہیں کراچی کے مسائل حل نہ ہوں وہ اصل میں چاہتے ہیں کہ کراچی کا وزیر اعلیٰ تبدیل کیا جائے، لیکن سندھ کے عوام ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ ہم پانچ سال وفاق میں رہے، اور دس سال صوبے میں حکومت کی، ایک بار بھی بلاول بھٹو پر کرپشن کا سوال نہیں اٹھایا گیا۔

فریال تالپور اور آصف زرداری کے خلاف دائر کیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری کے خلاف کتنے کیسز بنے، انہوں نے گیارہ سال جیل میں گزارے، ہر کسی میں باعزت بری ہوئے۔ اس کیس میں بھی باعزت بری ہوں گے۔


متعلقہ خبریں