کراچی جاتا تو درجہ حرارت بڑھ جاتا، فواد چوہدری



اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارے دو وزرا نے الزامات پر استعفیٰ دیا، ہم وزیراعلیٰ سندھ سے بھی یہی امید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سید مراد علی شاہ کو الزامات پر مستعفی ہوجانا چاہیے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ تاثر نہیں جانا چاہیے کہ سندھ میں مداخلت چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی معاملے پر آج وزیر اعظم سے تین بار ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ مستعفیٰ ہوجائیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ ای سی ایل میں نام ہونے پرحکومتی امور کے لئے وزیراعلیٰ باہر کیسے جاسکیں گے؟

اپنے طے شدہ دورہ کراچی کے متعلق پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں جانے سے  درجہ حرارت بڑھ جاتا۔ ان کا ازراہ تفنن کہنا تھا کہ ویسے بھی وہ جہاں جاتے ہیں وہاں کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  سے درخواست ہے کہ خود عہدے سے ہٹ جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ 2018 میں پی ٹی آئی کے حکومت میں آنے سے کچھ دو اور کچھ لو کی سیاست ختم ہوگئی.

وفاقی وزیر نے الزام لگایا کہ سندھ کے عوام کا پیسہ دبئی اور لندن میں خرچ ہوتا رہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جے آئی ٹی رپورٹ سے معلوم ہوا کہ سندھ میں لوٹ مار کیسے کی گئی؟ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کے اسپتالوں کا پیسہ لوٹا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ میگا منی لانڈرنگ کا مقدمہ ہم نے شروع نہیں کیا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ غریبوں کا پیسہ گھوم پھر کر زرداری صاحب کے اکاؤنٹ میں آتا تھا۔ سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار سے بھی انہوں نے استفسار کیا کہ بطور وفاقی وزیرداخلہ منی لانڈرنگ کیس پردو سال کیوں خاموش رہے؟

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگرنواز اور زرداری کی سیاست کرنی ہے تو پھر کرپشن کو حلال قراردے دیتے ہیں. انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت نے جے آئی ٹی پرکسی قسم کا اثر یا دباؤ استعمال نہیں کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ تاثر دیا جارہا ہے کہ سندھ حکومت کا تختہ الٹنےکی کوشش کررہے ہیں لیکن کسی وفاقی وزیر نے سندھ میں گورنرراج  لگانے کی بات نہیں کی اور نہ ہی یہ کہا ہے کہ ہم حکومت تبدیل کرنے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب اور نوازشریف کی سیاست دفن ہوچکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’میثاق جمہوریت‘ ایک دوسرے کی کرپشن چھپانے کے لیے کیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اداروں کو کنٹرول کرنے پر یقین نہیں رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسراقتدار آکر ہم نے اداروں کو قانون کے مطابق مضبوط کیا وگرنہ سندھ میں زرداری صاحب کا ’نیٹ ورک‘ چل رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نوازشریف کا اپنا ’نیٹ ورک‘ چل رہا تھا اور یہ دونوں ’ہنسی خوشی‘ زندگی گزار رہے تھے لیکن پھرعمران خان آگیا۔

وفاقی وزیرفواد چوہدری نے کہا کہ گدھ اور گیدڑ سندھ سے چمٹے ہوئے ہیں اورسندھ کے کسانوں، مزدوروں، مریضوں اور تھرکے عوام کا پیسہ لوٹ کر کھا گئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کے پیسوں سے دبئی میں محلات و جہاز خریدے گئے۔انہوں نے کہا کہان لوگوں نے سندھ اور پنجاب کو اندرسے کھوکھلا کردیا اور پھر یہ نعرے بھی لگاتے ہیں۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ  سندھ کا پیسہ زرداری،اومنی گروپ اور حکومتی ارکان نےکھایا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سندھ کے بے شمار لوگ رابطے کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جے آئی ٹی کی 16 ریفرنسز کی سفارش میں حکومتی عمل دخل نہیں ہے۔

ملکی معیشت کے حوالے سے فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ ملک معاشی استحکام کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔


متعلقہ خبریں