ثنا میر نے آئی سی سی وومن ون ڈے ٹیم میں جگہ بنا لی

فوٹو: فائل


لاہور: پاکستان وومن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور آل راؤنڈر ثنا میر نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ ثنا میر سال کی بہترین ون ڈے ٹیم میں شامل ہوگئی ہیں۔

ثنا میر کو سات میچوں میں 19 وکٹیں حاصل کرنے اور اکتوبر میں بہترین ون ڈے باؤلر کا اعزاز حاصل کرنے پر آئی سی سی وومن ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا۔ قومی آل راؤنڈر ثناء میر کو بیٹنگ آرڈر میں نواں نمبر ملا ہے۔

ثنا میر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ اُنہیں یہ اعزاز حاصل ہونے پر فخر ہے۔

ثنا میر آئی سی سی کی بہترین ون ڈے ٹیم کا حصہ بننے والی تیسری ایشین ویمن کرکٹر بن گئیں، بھارت کی دو کھلاڑی شامل ہیں، اس سے پہلے ثنا میر کی لیگ بریک ورائٹی کو ورلڈ کپ کی بہترین گیند قرار دیا گیا تھا۔

آئی سی سی کی ون ڈے ٹیم میں بھارت، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی دو، دو جب کہ پاکستان، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ایک، ایک وومن کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔

2018 میں ثنا میر نے عالمی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پر جگہ بنائی اور وہ یہ اعزاز پانے والی پہلی پاکستانی خاتون پلیئر بنیں، اب انھیں کسی آئی سی سی ویمنز ٹیم آف دی ایئر کا حصہ بننے والی ملک کی پہلی ویمن کرکٹر بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا ہے۔

گزشتہ سال عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر بنائی گئی آئی سی سی ویمنز ڈریم ٹیم میں بھارتی سمرتی مندانا اور پونم یادو، انگلینڈ کی ٹیمی بیوماؤنٹ اور صوفی ایکلیسٹون، نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس(کپتان) اور صوفی ڈیوائن، جنوبی افریقی ڈین وین نیکرک اور میریزانے کیپ، آسٹریلوی الیسا ہیلی(وکٹ کیپر)، ویسٹ انڈین ڈینڈرا ڈوٹن اور پاکستان کی ثناء میر کو جگہ ملی ہے۔


متعلقہ خبریں