پیپلز پارٹی کے 22 سے 25 لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، خرم شیز زمان


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی کو حکومت کرتے ہوئے 11 سال ہو چکے ہیں، ہم بہت سال سے ان کی کرپشن کو برداشت کر رہے ہیں، سندھ میں لوگ بھوک اور پیاس سے مر رہے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام “ندیم ملک لائیو” میں میزبان ندیم ملک سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی میں دو دراصل دو گروپ موجود ہیں، ایک حقیقی گروپ اور دوسرا زرداری گروپ۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پیپلز پارٹی کو بہت مشکلات در پیش ہوں گی، پیپلز پارٹی کے 22 سے 25 لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، یہ لوگ پیپلز پارٹی میں نہیں رہنا چاہتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بلی کو دودھ کی رکھوالی کے لیے کیسے چھوڑ سکتے ہیں؟ ہمارا پہلا مطالبہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا استعفیٰ ہے۔

پی ٹی آئی کے بہت لوگ پی پی پی میں شمولیت کے لیے تیار ہیں، امتیاز شیخ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما امتیاز شیخ نے کہا کہ تحریک انصاف انتشار کا شکار ہے، ان کو حکومت کرنی نہیں آتی، پیپلز پارٹی تمام جماعتوں کو ہرا کر یہاں تک پہنچی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں میں بہت زیادہ اختلافات ہیں، ان کے لوگ پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں لیکن ہم آئین کے خلاف کوئی کام نہیں کریں گے۔

پختونخوا میں جے آئی ٹی بنائی جاتی تو بہت کچھ سامنے آتا، جنرل (ر) قادر بلوچ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جنرل (ر) قادر بلوچ نے کہا کہ سندھ کی عوام نے مراد علی شاہ کا انتخاب کیا کیونکہ انہوں نے وہاں کے لوگوں کے لیے بہت کام کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے کچھ برداشت نہیں ہوتا، انہیں لگتا ہے کہ صرف یہ ٹھیک ہیں باقی سب غلط، یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کی ساری عوام اسی طریقے سے کام کرے جیسے تحریک انصاف چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ہم پر جے آئی ٹی بنائی گئیں اگر اسی طرح خیبر پختونخوا میں بھی بنائی جاتیں تووہاں کی بھی بہت سی چیزیں سامنے آ جاتیں۔

مہمند ڈیم کے منصوبے پر شروع کردیا ہے، جنرل (ر) مزمل حسین 

چیئرمین واپڈا جنرل (ر) مزمل حسین نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ملک میں 1970  کے بعد سے کسی ڈیم کی تعمیر نہیں کی گئی لیکن اب ہم دیمز کی تعمیر کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، اس معاملے پر ہر طرف سے مکمل تعاون حاصل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہمند ڈیم کی افتتاح میں وزیر اعظم عمران خان کی کچھ مصروفیات کے باعث تاخیر ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ واپڈا نے مہمند ڈیم کے منصوبے پر شروع کردیا ہے، ڈیم کے لیے زمین کی قیمت بھی مقرر ہو چکی ہے۔


متعلقہ خبریں