کرپشن کی ٹرین احتساب کے پانی میں ڈوب چکی ہے، فیاض الحسن


لاہور: پنجاب کے وزیر اطلاعات و نشریات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کرپشن کی ٹرین احتساب کے پانی میں ڈوب چکی ہے اور ڈوبنے والے شور مچا رہے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو عوام نے منتخب کیا ہے اور وہ کسی چور، نوسرباز کی بلیک میلنگ میں آنے والے نہیں ہیں۔ اپوزیشن کان کھول کر سن لے کہ عمران خان قوم کا ہیرو ہے اور وہ اپنے خاندان کو سنورانے نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں سے کرپشن کی بارات مفاہمت کی ٹرین میں سوار تھی جو اب 18 ویں ترمیم اور دوسری چیزوں کو رونا رو رہے ہیں۔ عمران خان ورلڈ کپ کی طرح پانچ سالوں میں پاکستان کی سیاست کو پوری دنیا میں روشن کر دیں گے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ فواد چوہدری یا میں کوئی ایک بھی بیان دیتے ہیں تو اپوزیشن کی چیخیں نکل جاتی ہیں۔ عدالتوں میں مقدمات کے باوجود ڈیل کے ذریعے کرپٹ لوگ بھاگ رہے تھے جب کہ حمزہ شہباز بھی پتلی گلی سے بھاگنے کے چکر میں تھے۔


متعلقہ خبریں