پاکستان میں نسلوں کے استاد انتقال کر گئے

پاکستان میں نسلوں کے استاد انتقال کر گئے | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


لاہور: پاکستانی وزیراعظم عمران خان اور دیگر اہم شخصیات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے والے ایچیسن کالج  کے استاد میجر جیفری لینگ لینڈز 101 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

میجر جیفری چترال میں ایک کالج کے پرنسپل بھی رہے۔ انہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ پاکستان میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں صرف کیا۔

لاہور کے ایچیسن کالج کی طرف سے  باضابطہ طور پر جاری بیان میں کہا گیا ہے میجر جیفری انتہائی خاموشی سے رخصت ہوگئے ہیں اور ہمیں اس پر انتہائی افسوس ہے۔

کالج انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم میجر جیفری کی زندگی کو استاد، باوقار شخصیت، کوہ پیما، قصہ گو اور ایک سپاہی کی زندگی سے تعبیر کرتے ہیں جنہوں نے اپنی حیات دوسروں بالخصوص پاکستان کیلئے وقف کی۔

گزشتہ سال میجر جیفری کی 100 ویں سالگرہ پر پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے استاد کو مبارک دیتے ہوئے کہا تھا جو لگن اور کام کرنے کا جذبہ آپ نے ہمیں سکھایا اس کیلئے ہم آپ کے شکر گزار ہیں میری دعا ہے آپ لمبے عرصے کیلئے ہمارے ساتھ رہیں۔

جیفری نے پاک فوج میں بھی خدمات انجام دیں اور میجرکے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد اس وقت کے وزیراعظم ایوب خان نے انہیں پاکستان میں رہنے کی پیشکش کی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔ میجر جیفری کو ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز بھی نواز گیا۔

ملکہ برطانیہ کی طرف سے انہیں تعلیم اور انسانی خدمات کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے کے صلے میں تمغے سے نوازا تھا۔


متعلقہ خبریں