حارث سہیل دورہ جنوبی افریقہ سے باہر

انجری کے بعد حارث سہیل جمعے کو وطن واپس پہنچیں گے—فائل فوٹو۔


جنوبی افریقہ میں مشکلات کا شکار قومی ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل ایک اوردھچکا لگ گیا۔ مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل کو ڈاکٹروں نے مکمل ان فٹ قرار دے کر ایک ماہ آرام کا مشورہ دے دیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق حارث سہیل جمعہ کو وطن واپس پہچیں گے جہاں ان کے ری ہیب کا عمل شروع ہوگا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ شروع ہونے سے صرف 90 منٹ قبل حارث سہیل کی جگہ شان مسعود کے نام کا اعلان کیا گیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ حارث سہیل 2013 میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے تاہم انجری کے باعث وہ ایک میچ کھیلے بغیر ہی وطن واپس لوٹے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق اگرضروری ہوا تو حارث سہیل کے متبادل کھلاڑی کے نام کا اعلان کیا جائے گا تاہم اس بات کا امکان کم ہے کیونکہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان صرف ایک میچ باقی ہے۔

حارث سہیل دورہ جنوبی افریقہ سے قبل اچھی فارم میں تھے۔ انہوں نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں دو سنچریاں اسکور کی تھیں۔

اسکے علاوہ جنوبی افریقہ اڑان بھرنے سے پہلے 2018 میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ اسکور بنانے والے کھلاڑی بھی تھے۔

جنوبی افریقہ میں جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کا آغاز کل سے ہوگا۔


متعلقہ خبریں