محمد عباس وزڈن ٹیسٹ ٹیم میں شامل

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سال 2018 پر نظر دوڑائیں تو کرکٹ کے میدان میں محمد عباس کا چرچا زبان زد عام رہا ہے، متحدہ عرب امارات کی ڈیڈ پچز ہوں یا انگلینڈ کی سیمنگ کنڈیشن، انہوں نے ہر جگہ اپنی نپی تلی بولنگ سے بلے بازوں کی ناک میں دم کرے رکھا۔

ان کی عمدہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کرکٹ کی بائبل تصور کیے جانے والے میگزین وزڈن نے سال کی بہترین ٹیسٹ ٹیم میں پاکستان کےفاسٹ بولر محمد عباس  کو شامل کیا ہے جنہوں نے سال 2018 میں 12.52 کی اوسط سے 38 وکٹیں حاصل کیں۔ وزڈن ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی ویرات کوہلی کو دی گئی۔

محمد عباس  کے لیے سال 2018 کامیابیوں کا سال رہا۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصرف ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 50 وکٹیں مکمل کیں بلکہ سیریز میں مجموعی طور پر 17 وکٹیں حاصل کیں ۔

محمد عباس نے اپنی شاندار بولنگ اوسط کی بدولت دنیا بھر کے بڑے بڑے بولروں کو پیچھے چھوڑا اور وہ 21ویں صدی کے ساتھ ساتھ 20 ویں صدی میں بھی کم از کم 50 وکٹیں لینے والے بولرز میں بہترین اوسط کے حامل گیند باز بن گئے۔

کندھے میں انجری کے باعث محمد عباس  نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ اورجنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین ٹیسٹ نہیں کھیل سکے۔

عالمی نمبر ایک بلے باز ویرات کوہلی ایک مرتبہ پھر وزڈن  ٹیسٹ ٹیم کا ناصرف حصہ ہیں بلکہ انہیں اس ٹیم کی قیادت بھی سونپی گئی ہے۔

کوہلی کے لیے یہ سال بھی یادگار رہا اور انہوں نے 13 ٹیسٹ میچوں میں 7 سنچریوں اور 5 نصف سنچریوں کی بدولت 76 کی اوسط سے ایک ہزار 673رنز بنائے۔۔

2017 میں مصباح الحق اوریونس خان وزڈن کرکٹر آف دی ایئر کی لسٹ میں شامل تھے۔ فضل محمود، لٹل ماسٹرحنیف محمد، عمران خان سمیت پاکستان کے کئی اسٹار پلیئرز اپنے اپنے دور میں وزڈن ٹیسٹ ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں