اپوزیشن رہنماؤں کا رزاق داؤد سے وزارت چھوڑنےکا مطالبہ


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اس ملک کا مزدور، دکان دار اور کسان سمیت ہر طبقہ رو رہا ہے، حکومت کی ابھی تک صرف یو ٹرن کی پالیسی کامیاب ہوئی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام “ندیم ملک لائیو” میں میزبان ندیم ملک سے مہمند  ڈیم کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رزاق داؤد ٹھیکہ منسوخ نہیں کر سکتے تو وزارت چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی احتساب کرنے سے نہیں روکا لیکن صرف اسے شفافیت کے ساتھ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج تک حکومت نے اپنے وزرا کی باتوں کو غلط نہیں کہا، یہ لوگ ہر بات سے انکار کرتے ہیں۔ حکومت کسی ایک بھی ایسے بندے کا نام نہیں بتا سکتی جو پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنا چاہتا ہے۔

رزاق داؤد یا تو وزارت چھوڑیں یا ڈیم کا ٹھیکہ، خرم دستگیر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ تحریک انصاف نے کیا کیا دعوے نہیں کیے تھے لیکن ایک بھی پورا نہیں کر سکے۔

مہمند ڈیم کی تعمیر کے معاملے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود کہا تھا حکومت میں رہ کر کاروبار نہیں ہونا چاہیئے اس لیے اب اس معاملے پر نوٹس لینا چاہیئے۔ ان کو چاہیئے تھا کہ پہلے اتنی بڑی بڑی باتیں نہیں کرتے۔

رہنما (ن) لیگ نے اسی حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے یہ مطالبہ کیا کہ رزاق داؤد یا تو وزارت چھوڑیں یا ڈیم کا ٹھیکہ۔

ڈسکون کمپنی کو میرٹ پر ٹھیکہ دیا گیا، علی محمد خان

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ حکومت ایک شخص کی نہیں ہوتی، حکومت میں بہت لوگ ہوتے ہیں اور سب کی اپنی اپنی شخصیت ہوتی ہے لیکن اس بات میں سب سے زیادہ وزن ہوتا ہے جو وزیراعظم کی جانب سے کی گئی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ قوم جو بالکل مایوس ہو چکی تھی اس کو عمران خان نے امید دکھائی ہے، انہوں نے اس مایوسی کا خاتمہ کیا ہے، جن قوموں میں امید موجود ہوتی ہے وہی ترقی کرتی ہیں۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے ملک کا جو برا حال کیا ہے اسے ٹھیک کرنے میں وقت تو لگے گا۔

مہمند ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ڈسکون کمپنی کو میرٹ پر ٹھیکا دیا گیا ہے، اپوزیشن میرٹ کی خلاف ورزی کی نشان دہی کرے۔


متعلقہ خبریں