علی رضا کیس: واٹر بورڈ ملازمین سے پوچھ گچھ


کراچی:  رہنما متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کیس کے تحقیقاتی مراحل کے دوران مقتول کے کال ریکارڈز تفتیش کاروں کو واٹر اینڈ سیوریج بورڈ تک لے گئے۔

علی رضا عابدی قتل کیس کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ تفتیشی حکام نے تحقیقات کا دائرہ کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ تک بڑھا دیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم نے مقتول کے آخری چار دنوں میں موصول کالز کا ڈیٹا حاصل کیا جس میں واضح ہوا کہ علی رضا عابدی کو آخری دنوں میں محکمہ واٹربورڈ کے ملازمین نے متعدد کالز کیں۔

تفتیش کاروں نے آخری ایام میں علی رضا عابدی سے متواتر رابطے میں رہنے والے محکمہ واٹر بورڈ کے افسران و ملازمین سے مرحلہ وار پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔

تفتیشی ذرائع کا بتانا ہے کہ آخری روز مقتول کے موبائل پر 25 سے 26 فون کالز آئیں اور گئیں اور آخری کال علی رضا نے اپنے اہلخانہ کو کی تھی۔

اسی مناسبت سے تفتیش کار اب تک 9 افراد کے بیانات قلمبند کر چکے ہیں جبکہ مزید لوگوں سے تفتیش ابھی جاری ہے۔


متعلقہ خبریں