2018 میں 450 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا گیا


مظفرآباد: قابض بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گزشتہ سال 2018 میں 450 نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔ شہدا میں معصوم و کمسن بچے بھی شامل ہیں۔

ہم نیوز کو موصول ہونے والی ’انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس‘ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 115 عام شہریوں کو شہید اور 60 افراد کو کالے قوانین کے تحت انکاؤنٹر کا سہارا لے کر جام شہادت پینے پہ مجبور کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق وادی چنار میں جاری بھارتی مظالم ، بربریت اور نسل کشی کے خلاف جب مظلوم کشمیریوں نے دنیا کی توجہ مبذول کرانے کے لیے پوری دنیا کی طرح مظاہروں کا سہار لیا تو ان کے دوران بھی 27 بے گناہوں کو شہید کردیا گیا۔

انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کی رپورٹ کے تحت مجموعی طور پر 120 سے زائد گھروں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔

ہم نیوز کے پاس موجود رپورٹ کے مطابق مقبوضہ وادی کشمیر میں جنوری 2018 کے دوران 20 کشمیریوں کو شہید کیا گیا، فروری میں 13 کشمیریوں کو نشانہ بنایا گیا اور مارچ میں 30 کشمیری اس وقت اپنی زندگیوں کی بازی ہار گئے جب قابض بھارتی افواج نے احتجاجی مظاہرین کو بربریت کا نشانہ بنایا۔

احتجاجی مطاہرین اپنی نسل کشی کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کررہے تھے۔

اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں 18 معصوموں سمیت 44 کشمیریوں کو شہید کیا گیا اور مئی کے دوران جب ماہ صیام بھی شروع ہوچکا تھا تو اس وقت متفقہ جنگ بندی کے باوجود بھارتی قابض افواج نے 14 نہتے کشمیریوں سمیت 39 لوگوں کو شہید اور درجن سے زائد گھروں کو تباہ کردیا۔

ہم نیوز کے پاس موجود رپورٹ کے مطابق جون 2018 میں جب دنیا بھر کے مسلمان عید منارہے تھے تو ایسے میں قابض بھارتی افواج نے گیارہ شہریوں سمیت مزید 39 کشمیریوں کو شہید کیا۔

اسی دوران بین الاقوامی شہرت یافتہ صحافی سید شجاعت بخاری کو بھی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا کر شہید کیا گیا جس پر صحافتی برادری کا شدید ردعمل بھی سامنے آیا۔

مقبوضہ وادی کشمیر میں جولائی 2018 کے دوران قابض بھارتی افواج نے 27 کشمیریوں کو شہید کیا جن میں سات عام شہری بھی شامل تھے۔ ماہ اگست اس لحاظ سے زیادہ اہمیت کا حامل رہا کہ شہادتوں کا سلسلہ بڑھ کر46 تک پہنچ گیا۔

ستمبر میں جب ہر سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس ہوتا ہے اور بین الاقوامی دنیا قیام امن کو یقینی بنانے کے لیے ایک چھت تلے جمع ہوکراپنا مؤقف پیش کرتی ہے تو اس دوران قابض بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر کی حسین وادیوں کو بیٹوں کے لہو سے سرخ کردیا۔ دھرتی ماں کی عظمت کیے گیت گاتے 48 کشمیریوں نے اس ماہ داعی اجل کو لبیک کہا۔ بھارتی افواج نے اپنا غصہ دس سے زائد گھروں کو تباہ کرکے بھی نکالا۔

رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں 13 معصوم کشمیریوں سمیت 48 جانیں ضائع ہوئیں اور درجن سے زائد گھر تباہ کیے گئے۔ نومبر میں 49 کشمیری جان کی بازی ہارے اور کئی گھر بھی نذرآتش کیے گئے۔

انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کی رپورٹ کے تحت سال کے آخری مہینے یعنی دسمبر میں 27 کشمیری شہید کیے گئے جن میں آٹھ معصوم شہری بھی شامل تھے۔

وادی چنار میں کئی کشمیریوں کو نامعلوام افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا کربھی شہید کیا گیا۔


متعلقہ خبریں