علی رضا عابدی قتل کیس میں فاروق ستار طلب


کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی و رہنما متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان علی رضا عابدی کے قتل کیس کی تحقیقات میں  تفتیشی ٹیم نے ڈاکٹر فاروق ستار کو طلب کر لیا۔

ہم نیوز کو موصول اطلاعات کے مطابق پولیس کےتفتیشی حکام نے ڈاکٹر فاروق ستار سے 40 منٹ تک گزری تھانے میں پوچھ گچھ کی۔

25 دسمبرکو کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا شکارسابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے قتل کی تفتیش مختلف زاویوں سے جاری ہے۔

سینیئرسپرنٹنڈنٹ پولیس(ایس ایس پی) ساؤتھ پیر محمد شاہ کے مطابق علی رضا عابدی قتل کیس میں گزشتہ روز بھی اہم رہنماؤں کو طلب کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ کیس میں مزید افراد کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹر فاروق ستار نے ہم نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ افسران نے علی رضا عابدی سے آخری رابطے اور سیاسی رجحانات سے متعلق سوالات پوچھے۔

انہوں نے تحقیقاتی ٹیم کو بتایا کہ علی رضا سے آخری بار رابطہ ان کے دو دوستوں کے ذریعے ہوا تھا۔ پولیس کو یہ بھی بتایا کہ علی رضا عابدی مہاجر اتحاد کے لیے کوشاں تھے۔

ایس ایس پی طارق رھاریجو اور ایس ایس پی ساؤتھ پیرمحمد شاہ پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم نے فاروق ستار سے علی رضا عابدی کے سیاسی رجحانات اور ملاقاتوں سے متعلق سوالات کیے۔


متعلقہ خبریں