سانحہ ماڈل ٹاون کی تحقیقات کیلئے نئی جے آئی ٹی تشکیل

۔—ٖفائل فوٹو۔


لاہور: سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کیلئے نئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی پانچ رکنی کمیٹی کی سربراہی آئی جی موٹرویز اے ڈی خواجہ کریں گے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے جاری نوٹیفکشن کے مطابق جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی کے نمائندے لیفٹیننٹ کرنل محمد عتیق الزمان، ایم آئی کے نمائندے لیفٹیننٹ کرنل عرفان مرزا شامل ہوں گے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آئی بی محمد احمد کمال اور ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر پولیس گلگت بلتستا ن قمررضا بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کا حصہ ہوں گے۔

پنجاب حکومت کی طرف سے قائم کی گئی جے آئی ٹی کا مینڈیٹ سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق معاملات کی تحقیقات کرنا ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے پہلی جے آئی ٹی کی رپورٹ یہ کہہ کرمستردکردی گئی تھی کہ اس میں متاثرین کے بیانات شامل نہیں ہیں، اس کے بعد عوامی تحریک نے نئی جے آئی ٹی کے قیام کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیاتھا جہاں پنجاب حکومت کی جانب سے نئی جے آئی ٹی قائم کرنے کی یقین دہانی کے بعد عدالت نے کیس نمٹا دیا تھا۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات سے متعلق جسٹس باقر نجفی رپورٹ بھی منظر عام پر آچکی ہے جس میں اہم ترین نکتہ یہ اٹھایا گیا تھا کہ پولیس نے یہ بات واضح نہیں کہ انہوں نے کس عہدے دار کے کہنے پر فائرنگ شروع کی۔

17 جون 2014 کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں جامعہ منہاج القرآن کے دفاتر اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری کی رہائش گاہ کے باہر بیرئیر ہٹانے کے لیے آپریشن کیا گیا جس کے دوران خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق اور 90 زخمی ہوئے۔


متعلقہ خبریں