شیخ رشید کو نواز شریف کی رہائی کیلئے بیرونی مداخلت کا خدشہ



اسلام آباد: 18ویں ترمیم کے خاتمے کے حوالے سے جاری بحث پر وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بس کی بات نہیں ہے، یہ ایک نان ایشو ہے میں ان کی میٹنگز میں بیٹھتا ہوں مجھے معلوم ہے کہ ایسی کوئی بات نہیں ہو رہی۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ایجنڈہ پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے سامنے ان پانچ مہینوں میں18 ویں ترمیم پر بات ہی نہیں ہوئی ہے، پیپلز پارٹی عوام کو معاملے پر بیوقوف بنا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین  بنا دیا گیا جو مجھے قبول نہیں، یہ غیر آئینی ہے اور یہ بات میں نے عمران خان کے سامنے بھی کی اور میں ان کی تعیناتی کے خلاف سپریم کورٹ جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ اور چور ملکی اداروں کا احتساب نہیں کر سکتا، ایسا انسان لوگوں کی منتخب کردہ ارکان کے ساتھ کیسے رہ سکتا ہے۔

’انسان کے کردار کا تب پتہ چلتا ہے جب وہ حکمرانی کرے‘

انہوں نے کہا انسان کے کردار کا تب پتہ چلتا ہے جب وہ حکمرانی کرے، پاکستان میں میاں برادران ہی نہیں آدھی سے زیادہ قوم ٹیکس چور اور کرپٹ ہے، بتائیں فالودے والے کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے کیسے نکلیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ میرے عمران خان سے اچھے تعلقات تب بنے جب کوئی بھی پارٹی پانامہ کا کیس لڑنا نہیں چاہتی تھی تب وہ اٹھے اور یہ کیس لڑا، نواز شریف کے خلاف 62,63 کا کیس اللہ کے بعد میں نے لڑا۔ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی سمجھتی تھی کہ ہم یہ کیس ہار جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2019 کے بعد معیشت کے حالات بہتر ہوں گے، سو دن پلک جھپکتے ہی گزر گئے ہیں، وزرا نے ان دنوں میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ اقتدار کے دن چھوٹے اور اپوزیشن کے دن بڑے ہوتے ہیں۔اس وقت قوم میں چیف جسٹس کی بہت عزت ہے جو کام ان کے کرنے کے نہیں تھے انہوں نے وہ بھی کئے۔

شیخ رشید نے کہا کہ حکومت میں سب سے زیادہ محنت عمران خان کر رہے ہیں، اسد عمر معیشت کی بہتری کے لئے بہت محنت کر رہے ہیں۔

’نواز شریف پیسٹری اور زرداری بیکری چور ہے‘

شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف پیسٹری جبکہ زرداری بیکری چور ہے، آصف زرداری کا کیس نواز شریف سے بڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سندھ میں کمزوری دکھائی ہے، انہوں نے پیپلز پارٹی کے خلاف کام ہی نہیں کیا اگر کام کرتی تو پنجاب سے زیادہ بہتر پوزیشن ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول سے مایوس ہوا ہوں، مجھے لگا تھا کہ وہ باپ کے خلاف کھڑا ہو گا، مگر ایسا نہیں ہوا، میرا مشورہ ہے کہ وہ اپنے باپ کے چنگل سے باہر نکل آئے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اپنے لوگ زرداری کو پسند نہیں کرتے، زرداری نے ایک سازش کے تحت بے نظیر سے شادی کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات سے کوئی مطمئن نہیں رہتا، میں عمران خان کے سامنے اکثر فواد چوہدری کا کیس لڑتا رہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں کرپٹ لوگوں کو زیادہ شہرت ملتی ہے، ان لوگوں نے آدھی عمر دولت اکھٹی کرنے میں اور آدھی دولت اسے بچانے میں لگا دی ہے۔


متعلقہ خبریں