ذوالفقار علی بھٹوکی 91ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے

پیپلز پارٹی قائد عوام کے ہر خواب کی تعبیر کرے گی، آصف علی زرداری



اسلام آباد: قائد عوام اور پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کی 91ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے۔

ذوالفقارعلی بھٹو 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں سرشاہنواز بھٹو کے گھر پیدا ہوئے۔ برکلے یونیورسٹی سے سیاسیات کی تعلیم حاصل کی۔ مسلم لاکالج کراچی میں تدریس اور سندھ ہائیکورٹ میں وکالت سے کیرئیرکا آغاز کیا۔

سکندرمرزاکی کابینہ کارکن رہنے کے بعد ایوب خان کی کابینہ میں وزیر تجارت، وزیراطلاعات، وزیرصعنت اوروزیرخارجہ رہے۔

ذوالفقارعلی بھٹو نے 1967 میں پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی جو 1970 کے انتخابات میں مغربی پاکستان میں اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئی۔

انہوں نے اپنے دورحکومت میں پاکستان کو 1973 کا متفقہ آئین دیا،پاکستان میں اسلامی سربراہی کانفرنس کا انقعاد ممکن بنایا۔

ذوالفقارعلی بھٹو نے سانحہ مشرقی پاکستان کے بعد پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیربنانے کیلئے ملک میں ایٹمی پروگرام بھی شروع کیا۔

1977 کے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے بعد امن وامان کی خراب صورتحال پرضیاء الحق نے ملک میں مارشل لاء نافذ کیا، انہیں ستمبر 1977 میں نواب احمدخان کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

1978 میں ہائیکورٹ نے ذوالفقارعلی بھٹوکوسزائے موت کا حکم دیا جسے سپریم کورٹ نے برقراررکھا۔ 4 اپریل 1978 کو انہیں روالپنڈی جیل میں پھانسی دیدی گئی۔

91 ویں سالگرہ کے موقع پر سابق صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان  کے فلسفہ اور نظریہ پر ثابت قدم ہیں۔ قائد عوام نے کچلے ہوئے طبقات کو طاقت دی۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو نے عوام کو عزت اور وقار سے جینے کا ڈھنگ سکھایا۔ قائد عوام نے ملک کی دوبارہ تعمیر کی۔

سابق صدر نے ذوالفقارعلی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ  پیپلز پارٹی قائد عوام کے ہر خواب کی تعبیر کرے گی۔ پیپلز پارٹی جمہوریت کو کمزور کرنے والوں کے سامنے آج بھی مضبوط رکاوٹ ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو تاریخ ساز شخصیت اور پاکستان میں جمہوریت کے بانی تھے۔ انہوں نے سالگرہ کے پیغام میں کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی بدولت آج پاکستان جمہوریت کی راہوں پر گامزن ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم شہید ذوالفقار علی بھٹوکے کارکن، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جیالے اور بلاول بھٹو کے ورکر ہیں۔


متعلقہ خبریں