تجاوزات کیخلاف آپریشن: سی ڈی اے کومزاحمت کا سامنا

تجاوزات کیخلاف آپریشن: سی ڈی اے کومزاحمت کا سامنا | urduhumnews.wpengine.com

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کیخلاف آپریشن سابق چیئرمین سینیٹ نئیربخاری کے گھر تک پہنچ کر رک گیا ہے۔

کیپٹل ڈیوپلمنٹ اتھارٹی کی جانب سے قائداعظم یونیورسٹی میں سابق چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری کے گھر کی آراضی واگزار کرانے کیلئے آپریشن کیا گیا۔ انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری کے باوجود سی ڈی اے صرف ایک شیڈ گرا سکا۔

پیپلزپارٹی کے رہنما کے گھریلو ملازمین نے آپریشن پر مزاحمت کی جس کے بعد سی ڈی اے کا آپریشن روک دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 60 کنال سرکاری آراضی پر قبضہ ہے جسے چھڑانے کیلئے آپریشن چار دن تک جاری رہے گا۔

گزشتہ سال دسمبر میں یونیورسٹی انتظامیہ نے زمین کا قبضہ چھڑانے کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان اور چیئرمین قومی احتساب بیور کو بھی خط لکھے تھے۔

تین جنوری کو قائداعظم یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ نے قبضہ مافیا سے زمین واگزار کرانے کیلئے نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاج بھی کیا تھا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت  نے یونیورسٹی کی زمین کے قبضے کے معاملے پر چیئرمین سی ڈی اے کو طلب کررکھا ہے۔ کمیٹی کے اجلاس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ یونیورسٹی کی 3600 کنال پر انتظامیہ کا کنٹرول نہیں ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رد عمل میں بیان دیا ہے کہ نیر بخاری کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، گھر پر آپریشن شرمناک اور سیاسی آواز دبانے کیلئے کیا جارہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سی ڈی اے کے آپریشن کو سیاسی دباؤ کا ہتھکنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن کرنا ہے تو بنی گالا میں کیا جائے جہاں عمران خان کا گھرغیر قانونی تعمیر کیا گیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز عثمان ڈارنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے تعلیمی اداروں میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔ نوجوان طلبا کی جانب سے بھی متعدد شکایات موصول ہوئیں ہیں اور قائداعظم یونیورسٹی کی زمین پر ناجائز قبضہ ختم کروایا جائے گا۔

عثمان ڈار نے کہا ہے کہ دیگر جامعات میں بھی ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، تعلیمی درسگاہوں پر ناجائز قبضہ شرمناک ہے اور مافیا انجام کے لئے تیار رہے۔


متعلقہ خبریں