علی رضا قتل کیس: عامر خان سے تفتیشی اداروں کی پوچھ گچھ


کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی و رہنما متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان علی رضا عابدی کے قتل کیس کی تحقیقات میں پارٹی رہنما عامر خان بیان ریکارڈ کرانے گزری تھانے پہنچ گئے۔

ہم نیوز کو موصول اطلاعات کے مطابق پولیس کی تفتیشی ٹیم نے عامر خان سے مقتول علی رضا عابدی سے متعلق سوالنامہ تیار کرلیا ہے جس میں علی رضا عابدی کی پارٹی کےحوالے سے سوالات کئے جائیں گے۔

اطلاعات کے مطابق عامر خان سے مختلف سوالات کیے جائیں گے جن میں سیاسی بنیادوں پر علی رضا کس کے ساتھ تھے؟ کیا علی رضا پارٹی چھوڑنا چاہتے تھے؟ جیسے سوالات شامل ہیں۔

خیال رہے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار اس سے قبل تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوچکے ہیں۔

اس ضمن میں ڈاکٹر فاروق ستار نے ہم نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ افسران نے علی رضا عابدی سے آخری رابطے اور سیاسی رجحانات سے متعلق سوالات پوچھے۔

انہوں نے تحقیقاتی ٹیم کو بتایا کہ علی رضا سے آخری بار رابطہ ان کے دو دوستوں کے ذریعے ہوا تھا۔ انہوں نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ علی رضا عابدی مہاجر اتحاد کے لیے کوشاں تھے۔

ایس ایس پی طارق رھاریجو اور ایس ایس پی ساؤتھ پیرمحمد شاہ پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم نے فاروق ستار سے علی رضا عابدی کے سیاسی رجحانات اور ملاقاتوں سے متعلق سوالات کیے تھے۔

ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں سمیت پی ایس پی کے رہنماؤں کو تحقیقات کے سلسلے میں طلب کیے جانے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں