حکومتی وزرا نے احتساب مشکوک بنا دیا،جاوید عباسی



اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر جاوید عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کے وزرا نے احتساب کے عمل کو مشکوک بنا دیا ہے، یہ لوگ مرغی انڈوں کے ذریعے معیشت ٹھیک کرنے نکلے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساری دنیا کو معلوم ہے یہ کیسز کیوں بنائے جا رہے ہیں، حکومت نے تو مدینہ کی ریاست قائم کرنا تھی مگر پاکستان کی عوام  مہنگائی کے باعث رو رہی ہے۔

اگر ہم نے کرپشن کی ہے تو ہمیں پکڑیں اور عوام کے سامنے ہماری کرپشن لائیں،جاوید عباسی

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے کرپشن کی ہے تو ہمیں پکڑیں اور عوام کے سامنے ہماری کرپشن لائیں لیکن پاکستانی قوم  کو کیوں تنگ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو ایک سازش کے تحت الیکشن سے دور رکھا گیا کیونکہ یہ لوگ جانتے ہیں نواز شریف کے ہوتے ہوئے الیکشن نہیں جیت سکتے۔  تمام صورتحال کے باوجود الیکشن 2018 میں پنجاب میں مسلم لیگ ن زیادہ سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

پروگرام میں موجود پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما امتیاز شیخ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کئی مرتبہ کہہ چکی ہے کہ یہاں دہرا احتساب ہو رہا ہے، نیب صرف اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف کیسز چلا رہی ہے جبکہ حکومت کے لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔

انہوں نے کہا حکومت ڈیلور کرنے میں ناکام رہی ہے، ان کے پاس کوئی ویژن ہی نہیں، ان لوگوں کو کچھ سمجھ نہیں آ رہا تو سندھ حکومت کے پیچھے پڑ گئے ہیں اور ان کے وزرا کے نام ای سی ایل میں ڈال دیئے ہیں۔

زرداری نواز شریف پرسیاسی انتقام لینے کا الزام لگاتے تھے، فرخ حبیب

پروگرام میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا  کہ جب زرداری کے دوستوں کے خلاف کیسز شروع ہوئے تو وہ میاں نواز شریف پرسیاسی انتقام لینے کا الزام لگاتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت ملی تو پاکستان کی معاشی صورتحال ابتر تھی مگر پھر بھی ہم لاکھوں افراد کو ٹیکس نیٹ میں لائیں ہیں اور پاکستان کے دوست ممالک ہماری مدد کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا 18ویں ترمیم کو لے کر میاں نواز شریف اور آصف زرداری نے چوری کی ہے، دراصل میاں نواز شریف کو تیسری مرتبہ وزیراعظم بنانے کے لیے 18 ویں ترمیم کی گئی۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کیسے ملک کی معیشت پر بات کرسکتی ہے کیونکہ ان کی ہی وجہ سے ملک کا یہ حال ہوا ہے۔

شیخ رشید کی جھاڑو پھیرنے والی بات مزاق کے سوا کچھ نہیں ہے، امتیاز عالم 

سینئر صحافی امتیاز عالم نے کہا ہے کہ اصل مسائل پر بات نہیں ہوتی شیخ رشید کی جھاڑو پھرنے والی بات مزاق کے سوا کچھ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا حکومت سے عوام اور میڈیا ان کے  وعدوں کے حوالے سے ہمیشہ سوال کرتے ہیں مگر ان کا جواب نہیں ملتا۔ پاکستان تحریک انصاف کا ایجنڈا کرپشن کے خلاف کارروائی کرنا ہے تو وہ احتساب کے عمل میں ٹانگ نہ اڑائیں۔


متعلقہ خبریں