مری کی سیر سے پہلے یہ ضرور پڑھ لیں



مری: ملکہ کوہسارمیں برفباری سے لطف اندوز ہونے کیلئے آنے والے سیاحوں کا دورہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر زحمت میں بھی بدل سکتا ہے۔

مری میں برفباری کے بعد موسم نکھر گیا ہے اور سیاح ملک بھر سے بڑی تعداد میں وہاں کا رخ کر رہے ہیں۔ ایسے میں انتظامیہ کی جانب سے آنے والے سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران  گاڑی کو پیٹرول پر رکھیں، گاڑی برف میں پھنس جانے کی مشکل سے بچنے کیلئے چین بھی ہمراہ رکھیں۔

سیاح سفرشروع کرنے سے قبل گاڑی کی ٹینکی فل کرالیں اور بیٹری بھی چیک کر لیں۔ مری اور راستے میں سڑک کے درمیان گاڑی کھڑی کر کے سیلفیاں بنانے سے گریز کریں، رش کی صورت میں ڈبل لائن بنانے سے گریز کریں۔

انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سیاح گاڑیوں کو غلط پارک کرنے اور تیز رفتاری سے بھی اجتناب کریں۔

مری سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق شہرمیں 50 ہزار سے زائد گاڑیاں داخل ہوچکی ہیں جس کے باعث جھینگا گلی سے جی پی او چوک تک بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ گنجائش سے زیادہ گاڑیاں شہر میں داخل ہونے سے سیاحوں کوپارکنگ سمیت کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ملک بھر سے سیاح برفباری سے لطف اندوز ہونے کیلئے بڑی تعداد میں مری کا رخ کرتے ہیں جہاں انہیں حکومتی ٹوارزم پالیسی نہ ہونے کے باعث  مقامی ایجنسٹس، میعاری کھانوں اور رہائشوں کی کمی کے باعث مشکلات سے بھی پالا پڑتا ہے۔


متعلقہ خبریں