پیکج کےلیے صوبائی حکومت وفاق کے ساتھ کام کرے، صدر


کراچی: صدرپاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے واضح کیا ہے کہ کراچی پیکج کے لیے سندھ حکومت کو وفاقی حکومت کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے تجویز دی کہ سندھ اور وفاقی حکومت مل جل کر کام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور سندھ حکومت میں تناؤ رہنے تک ترقیاتی کام نہیں ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کراچی میں گورنر ہاؤس میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  گورنر سندھ اچھا کام کررہے ہیں اور اپنی ثقافت کو شہر کے لیے آگے بڑھانا اچھا اقدام ہے۔

صدر مملکت نے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور دیگر کے ہمراہ ریلی کی شکل میں گورنر ہاؤس پہنچنے والے بائیکرز کو خوش آمدید کہا۔ شہرقائد میں منعقد بائیک شو کے شرکا شاہراہ فیصل سے گورنرہاؤس پہنچے تھے۔

صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں یہ بھی کہا کہ گورنر صاحب! کی دعوت پر آیا ہوں۔ آج پہلی مرتبہ ایک ساتھ اتنی بائیکس دیکھی ہیں۔

صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ کا مؤقف ہے کہ سندھ حکومت کا تعاون نہیں ہے تو میں کوشش کروں گا یہ تعاون حاصل ہوجائے۔

ہم نیوز کے مطابق اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ گورنر ہاؤس اب نو گو ایریا نہیں ہے اور عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پہلے کبھی گورنر ہاؤس میں عوام کے لیے ایسے اقدامات  نہیں ہوئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ  سندھ میں کوئی گورنر راج نافذ نہیں ہورہا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شکوہ کیا ہے کہ وفاق سندھ کو فنڈز نہیں دے رہا ہے اور صوبے کو جو فنڈز دیے گئے ہیں ان میں 90 ارب روپے کم کردیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں