جے آئی ٹی کا سیاسی ہونا ثابت ہو گیا، مصطفیٰ نواز

عمران خان کو حکومت میں لانے کا اصل ایجنڈا سامنے آ گیا، مصطفٰی نواز

فوٹو: فائل


کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان اور سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد جے آئی ٹی کی ساکھ ختم ہو گئی ہے۔

سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے سیاسی اور جانبدار ہونے پر مہر لگ گئی ہے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے جے آئی ٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے نام جے آئی ٹی میں آنے کو بدنیتی قرار دیا ہے۔ جس کے بعد یہ ثابت ہو گیا کہ جے آئی ٹی نے حقائق پر نہیں سیاسی دباؤ پر رپورٹ مرتب کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم پہلے دن سے ہی کہہ رہے تھے کہ جے آئی ٹی سیاسی ہے اور آج سپریم کورٹ کے فیصلے حکم سے پیپلزپارٹی کے مؤقف کی تائید ہو گئی ہے۔

ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وفاقی کابینہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے پر معافی مانگے جب کہ وزیراعلیٰ سندھ کا استعفیٰ مانگنے والے اب خود مستعفیٰ ہوں۔


متعلقہ خبریں