بھارت سے شکست، آسٹریلیا عالمی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر آگیا

فوٹو: فائل

  • اس سے زیادہ فخر کبھی بھی محسوس نہیں ہوا، ویرات کوہلی

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے،  بھارت سے ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد رینکنگ میں آسٹریلیا پانچویں نمبر پر آ گیا ہے۔

بھارت اور آسٹریلیا کے مابین کھیلی جانے والی چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز بھارت نے دو ایک سے اپنے نام کر لی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا چوتھا میچ بارش کے باعث ڈرا کر دیا گیا تھا۔

بھارتی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلوی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے والی پہلی ایشیائی ٹیم کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھارت نے پہلی اننگز سات وکٹوں کے نقصان پر 622 رنز پر ڈیکلیئر کی تھی جواب میں میزبان ٹیم 300 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

بھارت نے دوسری اننگ کھیلنے کے بجائے کینگروز سے فالو آن کرانے کا فیصلہ کیا۔  فالو آن کے بعد چوتھے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلوی ٹیم نے 6 رنز بنائے تھے۔

پانچویں روز وقفے وقفے سے جاری بارش کی وجہ سے میچ کا نتیجہ ڈرا پر منتج ہوا۔

ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارت نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز اپنے نام کرکے  نا صرف آسٹریلوی سر زمین پر پہلی سیریز جیتی بلکہ بھارت کینگروز کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے والا پہلا ایشیائی ملک بھی بن گیا۔

میچ کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ انہیں اس سے زیادہ فخر کبھی بھی محسوس نہیں ہوا۔

انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف کامیابی کو اپنی سب سے بڑی جیت قرار دے دیا۔


متعلقہ خبریں