فیاض الحسن چوہان بد تمیزی پر اتر آئے، صحافیوں کا احتجاج



لاہور: صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ذرائع ابلاغ کیخلاف بدتمیز اور شتر بے مہار سمیت دیگر نازیبا الفاظ کا استعمال کیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر ایک سوال پر سیخ پا ہو کر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں پر برس پڑے۔ حکومتی وزیر کے رویے پر صحافیوں نے احتجاج بھی کیا لیکن فیاض الحسن چوہان بات سنے بغیر ہی چل دیے۔

صحافی نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے بیان’ پی ٹی آئی نے ریاست مدینہ کے جھوٹے نعرے پر حکومت بنائی‘ پر صوبائی وزیراطلاعات کا رد عمل جاننا چاہا جو موصوف کو ناگوار گزرا۔

میڈیا نمائندوں نے فیاض الحسن چوہان کی گاڑی روک کر احتجاج بھی کیا لیکن صوبائی وزیر کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔

صحافیوں نے حکومتی وزرا کی بدلتی ہوئی روش پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی وزرا اپنا رویہ بہتر کریں۔

رواں برس 2 جنوری کو حکومت کے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے بھی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بد تمیزی کی تھی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوال پر وفاقی وزیر نے انتہائی سخت الفاظ کا استعمال کیا تھا جس پر صحافیوں نے بائیکاٹ کیا۔


متعلقہ خبریں