چوہدری نثار کی رکنیت منسوخی کیلئے قرار دادپنجاب اسمبلی میں جمع

چوہدری نثار مقررہ وقت پر دوبارہ نظر آئیں گے، شاہد مسعود

فوٹو ہم نیوز


لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار علی خان کی پنجاب اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرانے کیلئے قرار داد جمع کرا دی گئی ہے۔

حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے صوبائی اسمبلی میں قرار داد جمع کرائی ہے۔

پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں درج ہے کہ چوہدری نثار نے حلف نہیں اٹھایا، ن لیگی رہنما بطور ممبر حلف نہ اٹھا کر اپنے حلقہ کے عوام اور پنجاب اسمبلی کے ایوان کی مسلسل تضحیک اور توہین  کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رکن اسمبلی مومنہ وحید نے قرارداد میں مؤقف اپنایا ہے کہ حلف نہ اٹھانے کے سبب حلقے کے عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا  ہے کہ حلقہ پی پی 10 کے عوام اور پنجاب اسمبلی کے وقار کو ملحوظ رکھتے ہوئے چوہدری نثار علی خان کی اسمبلی رکنیت کو  منسوخ کیا جائے۔

پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ چوہدری نثار علی خان کی اسمبلی رکنیت منسوخ کی جائے اور حلقہ پی پی 10 میں دوبارہ الیکشن  کروائے جائیں۔

پی ٹی آئی رکن مومنہ وحید نے اپنے قرار داد میں مطالبہ کیا کہ اسمبلی رکنیت منسوخ کرنے کیلئے فی الفور قوانین اور قواعد انضباط کار صوبائی اسمبلی پنجاب 1997 میں ترمیم کی جائے۔

یاد رہے کہ چوہدری نثار علی خان 2018 کے انتخابات میں راولپنڈی کے حلقہ پی پی۔ 10 سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے ہیں لیکن انہوں نے رکن اسمبلی کی حیثیت سے تاحال حلف نہیں اٹھایا۔


متعلقہ خبریں