‘پاکستان نے مسئلہ افغانستان کے حل کے لیے بھرپور ادا کیا’

فائل فوٹو.–


اسلام آباد: پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے پوری تندہی کے ساتھ، مسئلہ افغانستان کے سیاسی، دیرپا اور پر امن حل کے لیے اپنا بھرپور ادا کیا ہے اور انہی کاوشوں کی بدولت آج دنیا ہمارے موقف کی تائید کر رہی ہے۔

افغان صدر اشرف غنی کے نمائندہ خصوصی عمرداؤد زئی تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں انھوں نے  پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور افغان امن عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغان نمائندے کو افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں اور اس ضمن میں کیے گئے اپنے حالیہ دوروں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن نہ صرف افغان عوام کے لیے بلکہ پورے خطے کے لیے امن و استحکام کا ضامن ہے۔ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

بعد ازاں افغان صدر کے نمائندہ خصوصی داؤدزئی نے خطے میں استحکام اور افغان مفاہمتی عمل کے لیے پاکستان کی بھرپور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا  کہ افغانستان کے دیرینہ اور سنگین مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا وقت آگیا ہے۔

عمر داؤد زئی ایسے وقت میں پاکستان آئے ہیں جب ایک دن بعد بدھ کے روز طالبان اور امریکا میں افغانستان میں قیام امن کے لیے سعودی عرب میں بیٹھک لگائی جائے گی۔

قبل ازیں ابوظہبی میں بھی ایک بیٹھک ہوئی تھی جس میں طالبان وفد اورافغان حکومت کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔

افغانستان میں قیام امن کے لیے سفارتی سرگرمیوں میں غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آرہی ہے جبکہ ماضی قریب میں بھی امریکی خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے افغان صدر اشرف غنی اور اعلیٰ پاکستانی قیادت سے ملاقات کی تھی۔

اسی طرح طالبان کے ایک وفد نے ماسکو میں بھی امن کانفرنس میں شرکت کی تھی۔


متعلقہ خبریں