سکھرمیں نایاب نسل کی ڈولفن خطرے میں


 سکھر: نایاب نسل کی نابینا ڈولفن کے ابل نہرمیں پھنس جانے سےاس کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوگیا۔

ہم نیوز کے مطابق نایاب نسل کی نابینا ڈولفن دریائے سندھ میں پانی کی کمی کے باعث اسے چھوڑ کر یہاں پہنچ گئی اور واپسی کا راستہ بھول گئی۔ مادہ ڈولفن دریا کی تلاش میں سفر کرتے کرتے ابل نہر کے کنارے تک پہنچ چکی ہے لیکن نہر میں بھی پانی کم ہے۔

نہر میں بھی پانی کی کمی کے باعث پانچ فٹ بڑی ڈولفن کی زندگی کو انتہائی خطرات لاحق ہیں۔

دوسری طرف مقامی لوگوں کی جانب سے محکمہ تحفظ آبی حیات کواطلاع دی گئی ہے لیکن وہ ڈولفن کی زندگی بچانے کیلئے تاحال کوئی موقع پر نہیں پہنچا۔

نابینا ڈولفن کو سندھی زبان میں بھلن بھی کہا جاتا ہے

دریائے سندھ میں پائی جانے والی نابینا ڈولفن کو سندھی زبان میں بھلن بھی کہا جاتا ہے، یہ دنیا کی نایات ترین اقسام میں سے ہے جو صرف دریائے سندھ اور گنگا میں پائی جاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نایاب نسل کی ڈولفن اندھی ہوتی ہے اور پانی میں آواز کے سہارے اپنا راستہ تلاش کرتی ہے۔

ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ کے گزشتہ سال کیے گئے ایک سروے کے مطابق دریائے سندھ میں موجود ایسی ڈولفنز کی تعداد 1800 کے قریب ہے۔


متعلقہ خبریں