بل گیٹس پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہش مند 

وزیراعظم عمران خان کی عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روس ایڈوہنم  سے ملاقات ، ہم نیوز اسکرین شاٹ


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں انسداد پولیو کے لیے عالمی ادارہ صحت کی کاوش قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے اس ضمن میں گیٹس فاؤنڈ یشن کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے یہ بات عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روس ایڈوہنم  سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات کے دوران ڈاکٹر کرسٹو فر ایلس نے  وزیراعظم عمران خان کو بل گیٹس کی جانب سے لکھا گیا ایک خط بھی سپرد کیا اورانہیں نیک خواہشات پہنچائیں۔

ہم نیوز کے مطابق بل گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر نے وزیراعظم عمران خان کو بل گیٹس کا جو خط دیا اس میں اس خواہش کا اظہار کیا گیا ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں۔

ذمہ دار ذرائع نے اس ضمن میں ہم نیوز کو بتایا کہ بل گیٹس کا مؤقف ہے کہ ’مائیکرو سافٹ‘ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرسکتا ہے۔

خط میں بل گیٹس نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ بل گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان میں انسداد پولیو اور صحت عامہ کے شعبوں میں سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق ملاقات میں گلوبل ڈیولپمنت ڈویژن بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤندیشن کے صدر ڈاکٹر کرسٹوفر ایلس، وفاقی وزیر عامر محمود کیانی، وزیراعظم کے فوکل پرسن بابر بن عطا، وفاقی سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، وفاقی سیکریٹری صحت زاہد سعید اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈاکٹر ٹیڈروس نے حالیہ عام انتخابات میں کامیابی پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈوہنم نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ ڈبلیو ایچ او نے صحت عامہ پر اپنی توجہ مزید مرکوز کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کی کوشش و خواہش ہے کہ عام آدمی کو صحت کی نہ صرف زیادہ سے زیادہ سہولیات میسرآئیں بلکہ اسے اس ضمن میں بھرپورمعلومات بھی میسر ہوں۔

وزیراعظم کو ڈاکٹر ٹیڈروس نے ڈونرز کانفرس کے متعلق بریفنگ دی اور پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے حالیہ اقدامات پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

صدرگیٹس فاؤنڈیشن ڈاکٹر کرس ایلس نے کہا کہ پاکستان کی پولیو کے خاتمے کے لیے کوششیں اطمینان بخش ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے تعاون آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈی جی ڈبلیوایچ او ڈاکٹر ٹیڈ روس نے پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے ملاقات میں یقین دہانی کرائی کہ صحت کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق دوران ملاقات پاکستان میں پولیوکے خاتمےاور حاصل اہداف سمیت دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کہا کہ پولیو وائرس سے نمٹنے کے لیے ڈبلیوایچ او نے جو خدمات سرانجام دی ہیں وہ قابل قدر ہیں اورہم بحیثیت قوم اس پر شکرگزار ہیں۔

ڈی جی ڈبلیو ایچ او ڈاکٹرٹیڈ روس نے وفاقی وزیر صحت عامر کیانی سے بھی ملاقات کی اور قومی پولیو ایمرجنسی آپریشنز سینٹرکا دورہ بھی کیا۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے ڈی جی عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈوہنم کو بریفنگ دی جس کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو ورکرز ہمارے قومی ہیروز ہیں۔

ڈی جی ڈبلیوایچ او نے اس موقع پر واضح کیا کہ پاکستان کوپولیو سے مکمل طورپرپاک کرنے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ انسداد پولیو کے لیے پاکستان کی کاوش قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے قومی ایمرجنسی سینٹر کے عملے کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

عالمی ادارہ صحت کے ڈی جی ڈاکٹرٹیڈروس کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی اصلاحات کا مقصد صحت عامہ میں بہت بہتری لانا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اجتماعی کاوش کی بدولت جلد پولیو سے پاک ہو جائے گا۔


متعلقہ خبریں