زلمے خلیل زاد چار ملکی دورے پر روانہ

امریکہ قیدیوں کے تبادلے کی بات پر قائم ہے، زلمے خلیل زاد

فوٹو: فائل


واشنگٹن: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد پاکستان سمیت چار ملکی دورے پر روانہ ہو گئے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق زلمے خلیل زاد 21 جنوری تک بھارت، چین، افغانستان اور پاکستان کا دورہ کریں گے اور چاروں ممالک کے دورہ میں مسئلہ افغانستان کے سیاسی حل کے لیے سینئرحکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

زلمے خلیل زاد افغانستان حکومت اور دیگر تمام دلچسپی رکھنے والے گروہوں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے، جس میں افغانستان میں مفاہمتی عمل اور افغان عوام کو بہتر بنانے کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔ زلمے خلیل زاد افغان صدر اشرف غنی اور دیگر فریقین کے ساتھ افغان امن عمل کے لیے ملاقات کریں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکہ 40 سال سے جاری افغان تنازعہ کے پرامن حل کے لیے کوشاں ہے اور امید کرتے ہیں کہ افغانستان دوبارہ کبھی دہشت گردی کے پلیٹ فارم کے طور پر استعمال نہیں ہو گا۔

تنازعات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے مذاکرات کے ذریعے دیکھا جائے کہ تنازعہ کا خاتمہ کیسے ہو جب کہ ہمارا مقصد ہے کہ تمام فریقین کو مذاکرات کی میز پر لایا جائے تاکہ افغانستان کا پرامن سیاسی حل نکل سکے اور ایسا حل نکلے جس میں تمام فریقین افغان قانون کے مطابق مشترکہ ذمہ داری محسوس کریں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ افغان تنازعہ کا واحد حل یہ ہے کہ تمام فریقین مل کر ایک ساتھ بیٹھیں اور ایسے معاہدہ پر پہنچیں جو افغانستان کے سیاسی مستقبل میں سب کے لیے عزت احترام اور قابل قبول ہو۔


متعلقہ خبریں