سزا کی مدت پوری، احمد شہزاد گریڈ ٹو کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار

فوٹو: فائل


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کی مدت ختم ہونے کے بعد پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد پہلا میچ کھیلنے کے لیے فیصل آباد روانہ ہو گئے ہیں۔

احمد شہزاد ڈوپ ٹیسٹ کی سزا ختم ہونے کے بعد گریڈ ٹو کرکٹ میں حصہ لیں گے، سابق اوپنر بلے باز 11 جنوری کو شروع ہونے والے گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ میں فیصل آباد ریجن ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

اپنے ٹویٹر پیغام میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے احمد شہزاد نے لکھا کہ دوبارہ کرکٹ کھیلنے کیلئے پرجوش ہوں، جیسا کہ پہلی بار اپنے ریجن سے کرکٹ کھیلا تھا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ مجھے ڈومیسٹک کرکٹ نے ہی پہچان دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال پی سی بی نے احمد شہزاد پر فیصل آباد میں منقعدہ پاکستان کپ کے دوران ڈوپ ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے پر چار ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی جو 10 نومبر 2018 کو پوری ہونا تھی۔

پابندی کے باوجود سوئی سدرن گیس کی جانب سے میچز کھیلے جس پر انہیں پی سی بی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

احمد شہزاد کی جانب سے شوکاز نوٹس کے جواب میں موقف اختیار کیا گیا کہ وہ اپنی کرکٹ سے متعلق سرگرمیوں کو جاری رکھنا چاہتے تھے۔ پی سی بی نے کرکٹر کا جواب ناکافی سمجھتے ہوئے ان پر مزید چھ ہفتوں کی پابندی لگا دی تھی۔


متعلقہ خبریں