کوئی نیب پر اثر انداز نہیں ہو سکتا، ڈاکٹر رمیش کمار


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا ہے کہ جسٹس(ر) جاوید اقبال کی موجودگی میں کوئی طاقت قومی احتساب بیورو (نیب) پر اثر انداز نہیں ہوسکتی لیکن اس ادارے میں بھی اصلاحات کی ضرورت ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام “نیوزلائن” میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ فواد چوہدری کو ہمیشہ کہتے ہیں کہ نیب کے کسی بھی معاملے پر فورا بیانات نہ دیا کریں، سپریم کورٹ کے کیسز پر ایک حد تک بات چیت بہتر رہتی۔

رہنما تحریک انصاف نے بتایا کہ (ن) لیگ میں ہوتے ہوئے وہ نواز شریف کو اچھے مشورے دیا کرتے تھے جبکہ پارٹی میں موجود کچھ لوگوں نے پارٹی کو خراب کیا، یہی حال تحریک اںصاف کا بھی ہے، کچھ عناصر پارٹی میں خرابی پیدا کرتے ہیں، سیاسی پارٹیوں میں سیاسی بیانات دینے والے لوگ موجود ہوتے ہیں۔

حکومت نے احتساب کا عمل شفاف نہیں کیا، ملک احمد خان

پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان نے کہا کہ تحریک انصاف خود جو چاہے بول اور کرسکتی ہے لیکن کسی کے پاس ان سے سوال کرنے کا حق نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو بہت زیادہ چھوٹ دینے کے باعث ہی حالات یہاں تک پہنچے، حکومت نے احتساب کا عمل شفاف طریقے سے نہیں کیا بلکہ احتساب کی آڑ میں سیاسی انتقام  لیے ہیں۔

حکومت بغیر تیاری کے اقتدار میں آئی ہے، چوہدری منظور

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے کہا کہ تحریک انصاف کو خود نہیں معلوم کے وہ کیا کررہی ہے کیونکہ حکومت بغیر کسی تیاری کے اقتدار میں آئی ہے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے آتے ہی عوام پر مہنگائی کا بم گرایا اوراپنے دعووں برعکس کام کیا۔ اسی لیے آج  عوام  رو رہی ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ احتساب کا عمل شفاف نہیں ہے، پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ یہ عمل شفاف طریقے سے کیا جائے، اس میں انتقامی کارروائی کی بو نہیں ہونی چاہیئے۔


متعلقہ خبریں