قیمتیں بڑھانےکا کھیل یا کچھ اور، سندھ میں دوائیں ناپید


کراچی: کراچی سمیت سندھ  بھر میں جان بچانے والی دواؤں کا بحران پیدا ہوگیا ہے جبکہ پاکستان میں باہر سے آنے والی ڈیڑھ سو سے زائد ادویات نایاب ہوگئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موصول شدہ اطلاعات کے مطابق سارا کھیل قیمتیں بڑھانے کا ہے۔ میڈیسن کمپنیوں نے حکومت سے درآمدی ادویات کی قیمتوں میں پچاس فیصد اضافے کی درخواست کر رکھی ہے۔

ہول سیل کیمسٹ کونسل آف پاکستان کا اس مناسبت سے کہنا ہے کہ دواؤں پر سبسڈی اورعوام کی جیب دیکھ کر ریٹ بڑھائے جائیں۔

نایاب ہونے والی دواؤں میں دل کے امراض، ہیپا ٹائٹس اے، مرگی کی ادویات شامل ہیں جبکہ ڈرگ اتھارٹی  صورت حال پر قابو پانے میں ناکام   ہوچکی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اس وقت صوبے بھر کے میڈیکل اسٹورز پر امراض قلب، مرگی، بچوں کے کھانسی کے سیرپ، حفاظتی ویکسین اور ہیپاٹائیٹس اے، اینٹی رے بیز اور سانپ کے کاٹنے کی صورت میں لگائی جانے والی ویکسین بھی دستیاب نہیں ہیں۔

شہر کے میڈیکل اسٹوروں پر ایم ایم آر، چکن پاکس کی ادویات  بھی دستیاب  نہیں ہیں۔

ہم نیوز کو موصول اطلاعات کے مطابق ادویات کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ وفاقی حکومت اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ابھی تک صورت حال سے نمٹنے میں ناکام نظر آرہی ہیں۔


متعلقہ خبریں