بھارتی فوجی سربراہ کی پھر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی


نئی دہلی: بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوات نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ملک دوسرے ممالک سے اپنی شرائط منوانے کے لیے دہشت گردوں کو پراکسی کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

بدھ کے روز نئی دہلی میں ایک کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ساری صورت حال کی ذمہ داری سوشل میڈیا پر ڈال دی۔

مقبوضہ کشمیر کی حقیقی صورت حال سے غافل جنرل بپن راوات کا کہنا تھا کہ وادی کے نوجوانوں کو جھوٹی معلومات سے انتہا پسندی کی جانب راغب کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل بھی  بھارتی آرمی چیف کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات سامنے آتے رہے ہیں جبکہ کرتارپور راہداری کھولنے پر بھی بھارتی میڈیا نے منفی پروپیگنڈے کیا تھا تاہم پاکستان کی جانب سے اسے مسترد کردیا گیا تھا۔

اس سے قبل بھارتی میڈیا اور مودی سرکار کو بھی پاک بھارت امن سے منسلک معاملات پر ہٹ دھرمی کا رویہ یہی ظاہر کرتا ہے کہ بھارت خطے میں امن کا خواہاں نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان نے راہداری منصوبہ سکھ کمیونٹی کی درینہ خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیا تھا جبکہ کرتار پور راہداری کے حوالے سے بھارتی منطق بدنیتی پر مبنی ہے۔


متعلقہ خبریں