سول سوسائٹی کی معاونت سودمند ثابت ہوگی،شاہ محمود


اسلام آباد: وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمو د قریشی نے کہا ہے کہ جامع اور فعال خارجہ پالیسی کی تشکیل کے لیے، ریاستی اداروں کے ساتھ ساتھ  سول سوسائٹی اور تعلیمی شعبے کی معاونت انتہائی سود مند ثابت ہو گی۔

ہم نیوز کے مطابق وہ مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے متحرک، فعال اور جامع خارجہ پالیسی کی تشکیل کے لیے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کے قیام کی باقاعدہ منظوری دی تھی۔

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کے پہلے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے اراکین کا خیرمقدم کیا اور انہیں ملک کی خارجہ پالیسی کے اہم خدوخال اورترجیحات سے آگاہ کیا۔

وزارت خارجہ میں منعقدہ اجلاس کے شرکا نے وزیراعظم پاکستان کے مشاورتی کونسل کی تشکیل کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پالیسی سازی کے لیے مشاورتی عمل کا آغاز انتہائی احسن اقدام ہے۔

ہم نیوز کے مطابق مشاورتی کونسل کے اراکین میں سابق سفرا، ماہرین تعلیم اور بین الاقوامی امور کے ماہرین شامل ہیں۔ اراکین اجلاس نے وسیع تجربات کی بنیاد پر اپنی آرا کا اظہار کیا اور مفید مشورے بھی دیے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے جاپان کے سفیرتاکاشی کورائی نے الوداعی ملاقات کی۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

ہم نیوز کے مطابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں جس سے جاپان کے سرمایہ کاربھی بھرپورفائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین بہترین تعلقات موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جاپانی قوم نے اپنی محنت سے نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔

انہوں نے  پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ کے حوالے سے جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی کی خدمات کو سراہا اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی نے اس موقع پر وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے تاجک سفیرنے بھی الوداعی ملاقات کی۔

پاکستان میں تعینات تاجکستان کے سفیرشیرلئی جونوف کی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے تاجکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان تعلقات میں بہتری آئی ہے۔

تاجک سفیر شیرلئی جونوف نے کہا کہ تاجکستان کی حکومت پاکستان کے ساتھ تجارت، تعلیم اور  ثقافت سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کی خواہاں ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں تاجیک سفیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔


متعلقہ خبریں