پنجاب کے کئی شہروں کو گیس کی فراہمی کل تک بحال ہوگی


رحیم یار خان: ملتان، رحیم یار خان، گوجرانوالہ، اوچ شریف، فیصل آباد اور صادق آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی میں آنے والے تعطل اورگیس پریشر میں کمی کا سلسلہ کل صبح تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد قوی امید ہے کہ گیس کی فراہمی معمول کے مطابق شروع ہوجائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق بدھ کی علی الصبح صادق آباد کے علاقے بھونگ میں 36 انچ کی گیس پائپ لائن دھماکے سے پھٹ گئی تھی۔ اس ضمن میں ابھی تک تحقیقات جاری ہیں لیکن غالب امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ دھماکہ تخریب کاری کا نتیجہ تھا۔

پولیس کے ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ سی ٹی ڈی، سول ڈیفنس، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے دھماکے کی اصل وجوہات جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔ دھماکہ کی جگہ سے ملنے والے ثبوت و شواہد کو بھی فرانزک لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے لاہور بھیج دیا گیا ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق فرانزک لیبارٹری سے رپورٹ آنے کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جاسکے گا کہ حادثہ کسی تخریب کاری کا نتیجہ تھا یا گیس کے پریشر میں ہونے والی تبدیلی کے سبب یہ واقعہ رونما ہوا تھا۔

گیس پائپ لائن میں ہونے والے دھماکے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئی تھیں اور سب سے پہلے انہوں نے ہنگامی صورتحال پر قابو پایا جس کے بعد مرمتی کام کا آغاز ہوا۔

ہم نیوز کے مطابق ابتدا میں حکام پرامید تھے کہ رات تک مرمتی کام مکمل ہوجائے گا جس کے بعد گیس کی فراہمی معمول پر آجائے گی لیکن اب حکام کا کہنا ہے کہ مرمتی کام کل صبح (جمعرات) کسی وقت تک مکمل ہوسکے گا جس کے بعد گیس کی فراہمی مکمل طور پر بحال کردی جائے گی۔

گیس پائپ لائن میں ہونے والے دھماکے کے باعث لگنے والی آگ نے قریبی فصلوں اور گنے کی کھیتوں کو جلا کر راکھ کردیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق آگ پر قابو پانے میں سول ڈیفنس کے عملے اور فائر بریگیڈ کی چار گاڑیوں کو تقریباً سات گھنٹے کا وقت لگا جس کے بعد ہولناک آتشزدگی پر کا خاتمہ ممکن ہوا۔

سوئی گیس حکام نے مرمتی کام کا آغاز اس وقت کیا جب بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے علاقہ کلیئر قرار دیا۔

سوئی ناردرن گیس کے ترجمان نے بھی ابتدائی طور پر یہی مؤقف اپنایا ہے کہ بظاہر واقعہ کسی تخریب کاری کا شاخسانہ لگتا ہے اور معلوم ہوتا ہے کہ شرپسندوں نے ٹرانسمیشن لائن کو تقصان پہنچایا ہے تاہم حتمی نتیجہ فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ سے ہی معلوم ہوسکے گا۔

ہم نیوز کے مطابق صادق آباد کے نواحی علاقے بھونگ میں گیس پائپ لائن میں لگنے والی آگ کے بعد صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں کو گیس کی فراہمی میں شدید تعطل پیدا ہوا اور متعدد شہروں میں لوگوں نے گیس کے پریشر میں کمی کی شکایت کی۔

پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد کے تمام صنعتی علاقوں کو گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند کردی گئی۔ گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے شکایت کی کہ ان کے شہر میں گیس ناپید ہوچکی ہے جس کی وجہ سے چولھے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق گوجرانوالہ ریجن کو روزانہ 125 ملین کیوبک فٹ گیس  درکار ہوتی ہے۔ اوچ شریف کے شہریوں کا کہنا ہے کہ 12 گھنٹے گزرنے کے باوجود ان کے شہر میں گیس کی فراہمی بحال نہیں ہوسکی ہے۔

اوچ شریف کے شہریوں نے ہم نیوز کو بتایا کہ وہ سخت سردی میں ایل پی جی اور لکڑی یا کوئلہ جلا کر کام چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔

گیس کی طویل بندش سے ملتان کے شہریوں کا سخت سردی میں بھی ’پارہ‘ ہائی ہوگیا اور وہ احتجاج کرنے سڑکوں پر آگئے۔ احتجاجی مظاہرین نے نعرے بازی کی اور فراہمی گیس کا مطالبہ کیا۔


متعلقہ خبریں