اصغر خان کیس، لواحقین نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اصغر خان کیس میں لواحقین کی جانب سے سپریم کورٹ میں جواب داخل کرا دیا گیا، جواب اصغر خان کیس میں ان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے جمع کرایا۔

اصغر خان کے لواحقین نے موقف اختیار کیا کہ کیس میں ایف آئی اے انکوائری ختم نہیں ہونی چاہئے، اصغر خان کا خاندان کیس کا حتمی انجام چاہتا ہے۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے انکوائری ختم کرنے کی سفارش کو مسترد کرتے ہیں، کیس کے ٹرائل کے بعد سامنے آنے والا نتیجہ پاکستان کی عوام کے سامنتے رکھا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 31 دسمبر کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سیاستدانوں میں رقوم تقسیم کی انکوائری بند کرنے کی سفارش کی تھی، سپریم کورٹ اصغر خان کی فیملی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔

ایف آئی اے کی جانب سے سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کی گئی اور درخواست کی گئی کہ یہ کیس نہیں بنتا اس کو بند کر دیا جائے۔

ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پیسے لینے دینے کی کڑی نہیں بنتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گواہوں کے بیانات میں خلا ہے اور وہ آپس میں نہیں ملتے ہیں جب کہ متعلقہ بینکوں سے ریکارڈ بھی نہیں ملا ہے اور سیاستدانوں سے پیسے لینے سے انکار کیا ہے۔


متعلقہ خبریں